Urdu News

میراڈونا کو اپنے ملک کی کامیابیوں پر فخر ہوگا:پیلے

ساو پالو، 19 دسمبر (انڈیا نیریٹو)

برازیل کے لیجنڈ فٹ بالر پیلے نے فیفا ورلڈ کپ جیتنے پر لیونل میسی اور ارجنٹینا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارجنٹینا کے عظیم فٹ بالر آنجہانی ڈیاگو میراڈونا کو اپنے ملک کی کامیابیوں پر فخر ہوگا۔

واضح ہو کہ اتوار کے روزارجنٹینا نے فرانس کو پنالٹی شوٹ آوٹ میں 4-2 سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کر لیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں 3-3 گول سے برابر تھیں جس کے بعد پنالٹی شوٹ آوٹ کا سہارا لیا گیا جس میں ارجنٹینا نے فتح حاصل کی۔

دنیا کے عظیم ترین برازیلین فٹ بال کھلاڑی پیلے نے فرانس کے کائلان ایمباپے کو بھی مبارکباد دی، جو ورلڈ کپ فائنل کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے اور شوٹ آوٹ میں 12 گز کی دوری سے بھی گول بھی کیا۔

ہمیشہ کی طرح، فٹ بال نے ایک دلفریب انداز میں اپنی کہانی کوسنانا جاری رکھا ہے

پیلے نے انسٹاگرام پر لکھا”ہمیشہ کی طرح، فٹ بال نے ایک دلفریب انداز میں اپنی کہانی کوسنانا جاری رکھا ہے ۔ میسی نے اپنا پہلا ورلڈ کپ جیتا۔ میرے پیارے دوست، ایمباپے نے فائنل میں چار گول کیے۔یہ ہمارے کھیل کے مستقبل کے لیے بہترین تحفہ تھا۔ اور میں ایک ناقابل یقین مہم کے لیے مراکش کوبھی مبارکباد دینے سے محروم نہیں رہ سکا۔ افریقہ کو چمکتے دیکھناشاندار ہ۔مبارک ہو ارجنٹینا! یقینی طور پر ڈیاگو اب مسکرا رہے ہیں“۔

ایمباپے نے فائنل میں اپنی ہیٹ ٹرک کے بعد گولڈن بوٹ جیتا اور پورے ٹورنامنٹ میں آٹھ گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 23 سالہ ایمباپے نے فرانس کے لیے 66 میچ کھیلے ہیں اور 36 گول کیے ہیں۔

پیلے کی بات کریں توتین بار ورلڈ کپ کے فاتح کینسر سے لڑ رہے ہیں اور کیموتھراپی سے گزر رہے ہیں۔ 82 سالہ پیلے کورونا وائرس کی وجہ سے سانس کے انفیکشن کے علاج کے لیے ایک ہفتے سے زیادہ عرصے سے اسپتال میں داخل ہیں۔

Recommended