ہم نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے طور پر حکومت میں شامل ہوئے: چھگن بھجبل
نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے فوراً بعد اجیت پوار نے این سی پی کے نام اور نشان کا دعویٰ کیا اور کہا کہ اگلے تمام انتخابات وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں این سی پی کے نام اور نشان پر لڑے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایم ایل اے، ایم پی اور این سی پی کے عہدیداروں کی حمایت حاصل ہے۔
اجیت پوار اتوار کو نائب وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لینے کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کر رہے تھے۔ اجیت پوار نے بتایا کہ انہوں نے جمعہ کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور آج نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے طور پر حکومت میں حصہ لیا ہے۔ اجیت پوار نے یہ بھی کہا کہ پہلے ہم ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں شیوسینا کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔ جب ہم شیوسینا کے ساتھ جا سکتے ہیں تو بی جے پی کے ساتھ بھی جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ ایم ایل اے، ایم پی اور پارٹی کے عہدیدار ہیں۔ بہت سے لوگ ممبئی سے باہر ہیں، ان سے فون پر بات ہوئی اور سبھی ممبئی پہنچنے والے ہیں۔ اجیت پوار نے کہا کہ اس سلسلے میں کئی دنوں سے بات چیت چل رہی تھی۔
ریاست کا موقف ہے کہ ترقی کو اہمیت دی جائے، ہم اس کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت 9 سال سے چل رہی ہے۔ ملک کو آگے لے جانے کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ اس لیے ایسی کوششوں کی حمایت کی ضرورت ہے۔
اجیت پوار نے اپوزیشن کو بھی للکارتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں مل کر میٹنگ کر رہی ہیں۔ ممتا دیدی اپنی ریاست میں میٹنگیں کر رہی ہیں، جب کہ کیجریوال اپنی ریاست میں کام کر رہے ہیں، لیکن ان کی میٹنگیں بے نتیجہ ثابت ہوئی ہیں۔ اجیت پوار نے کہا کہ کچھ لوگ تنقید کر رہے ہیں، لیکن ہم نے مہاراشٹر کی مجموعی ترقی کے لیے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے طور پر حکومت میں حصہ لیا ہے۔