Urdu News

پلوامہ میں دہشت گردوں اور فوج کے درمیان تصادم جیش محمد کے دو دہشت گرد ہلاک، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

پلوامہ میں دہشت گردوں اور فوج کے درمیان تصادم جیش محمد کے دو دہشت گرد ہلاک

سرینگر، یکم دسمبر (انڈیا نیرٹیو)

بدھ کو جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے قصبہ یار علاقے میں ایک تصادم میں جیش محمد کے دو دہشت گرد مارے گئے۔ ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ جیش محمد تنظیم کے دو دہشت پسند اس وقت مارے گئے جب فورسز نے کچھ دہشت پسندوں کی موجودگی کی خاص اطلاع ملنے کے بعد صبح کے اوقات میں قصبہ یار کے ارد گرد محاصرہ کیا۔

اس افسر نے مزید بتایا کہ جب فورسز کی مشترکہ ٹیم مشتبہ مقام کی طرف بڑھی تو چھپے ہوئے دہشت پسندوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔ جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے انکاؤنٹر شروع کر دیا گیا۔اس دوران پتہ چلا ہے کہ جیش محمد کے سرکردہ آئی ای ڈی ماہر اور غیر ملکی دہشت پسند کو اس تصادم میں ہلاک کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے بدھ کے روز کہا کہ یاسر پرے جیش محمد کا ایک اعلیٰ کمانڈر تھا جو اس تصادم میں مارا گیا۔

 آئی جی پی کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے، کشمیر پولیس زون نے ٹوئٹر پر لکھا، دہشت پسند کمانڈر جیش محمد یاسر پرے، ایک آئی ای ڈی ماہر تھا اور اس تصادم میں ایک اور غیر ملکی دہشت پسند فرقان کو مار دیا گیا۔ دونوں دہشت پسند جرائم کے کئی مقدمات میں ملوث تھے۔ اس دوران پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی تحویل سے بھاری تعداد میں گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

Recommended