Urdu News

دولت مشترکہ کھیل: بھارتی خواتین کی ٹیم نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرایا

بھارتی خواتین کی ٹیم نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرایا

بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم نے برطانیہ کے برمنگھم میں جاری دولت مشترکہ کھیل-2022 میں پہلی جیت حاصل کی ہے۔ بھارتی ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان کی خواتین ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18 اوور میں 99 رن پر ڈھیر ہوگئی۔ اس کے بعد بھارت نے 11.4 اوورمیں دو وکٹوں کے نقصان پر 102 رن بنا کر میچ جیت لیا۔ بھارتی اوپنر اسمرتی مندھانا نے 42 گیندوں پر 63 رن کی ناقابل شکست پاری کھیلی۔ انہوں نے اپنی پاری میں آٹھ چوکے اور تین چھکے لگائے۔

100 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے والی بھارتی ٹیم کو اوپنرز اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما نے تیز شروعات دی۔ دونوں نے مل کر ٹیم کا سکور پانچ اوورز میں 50 رن سے آگے بڑھا دیا۔ بھارت کی پہلی وکٹ شیفالی ورما کی صورت میں گری۔ شیفالی نو گیندوں پر 16 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ شیفالی نے اسمرتی مندھانا کے ساتھ پہلی وکٹ کے لئے 61 رنوں کی شراکت داری کی۔ اس کے بعد مندھانا نے آٹھویں اوور میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ہدف کے قریب پہنچنے والے بھارت کو 11ویں اوور میں دوسرا جھٹکا لگا۔ سبھنینی میگھنا 14 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد مندھانا نے چوکا لگا کر ہندوستانی ٹیم کو فتح دلائی۔ مندھانا 42 گیندوں پر 63 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں اور جمائما روڈریگز نے 2 رن بنائے۔

پاکستان کی جانب سے طوبہ حسن اورعمائمہ سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی

اس سے قبل میچ میں بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔ جس کی وجہ سے میچ کو 18-18 اوور تک محدود کر دیا گیا۔ میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لئے آنے والے پاکستان کے کھلاڑی کوئی خاص اثر نہ چھوڑ سکے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 18 اوور میں 99 رن پر ڈھیر ہو ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے منیبہ علی نے 32 رن بنائے۔ منیبہ کے علاوہ عالیہ ریاض نے 18، کپتان بسمہ معروف نے 17، عمائمہ سہیل نے 10 اور عائشہ نسیم نے 10 رن بنائے۔

بھارت کی جانب سے اسنیہہ رانا اور رادھا یادیو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ رینوکا سنگھ، میگھنا سنگھ اور شیفالی ورما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Recommended