Urdu News

مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کا آج حج ہاؤس ، ممبئی میں حج انتظامات2021 سے متعلق جائزہ اجلاس

مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور ، جناب مختار عباس نقوی

نئی دہلی؍ممبئی ،10؍جون (انڈیا نیرٹیو)

مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور ، جناب مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ بھارت میں جاری دنیا کی سب سے بڑی کورونا ویکسی نیشن مہم کے سلسلے میں پائے جانے والے خدشات اور افواہوں کے خاتمے کے لیے قومی سطح اور وسیع پیمانے پر مختلف سماجی ، تعلیمی تنظیموں کے ذریعہ بیداری مہم چلائی جائے گی۔

آج حج ہاؤس میں ایک میٹنگ کے دوران ،جناب نقوی نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن کے بارے میں شکوک و شبہات اور افواہوں کے ضمن میں ریاستی حج کمیٹیاں ، وقف بورڈ ، وقف سے جُڑے تعلیمی ادارے ، مرکزی وقف کونسل ، مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور مختلف دیگر سماجی  اور تعلیمی تنظیمیں، ملک کے دور دراز علاقوں، دیہا توں وغیرہ میں بیداری مہم چلائیں گے ۔نقوی نے کہا کہ "جان ہے تو جہان ہے" کے نام سے شروع ہونے والی اس مہم میں خواتین کے سیلف ہیلپ گروپ بھی شامل ہوں گے جس سے لوگوں کو یہ معلوم ہوگا کہ دنیا کے سب سے بڑے کورونا ویکسی نیشن کے بارے میں کچھ دیہاتوں اورمقامات میں کچھ مفاد پرست عناصر کے ذریعہ  خوف اور الجھن کا جوماحول بنایا گیاہے وہ  لوگوں کی صحت اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

یہ گروپ لوگوں کو کورونا ویکسین لینے کی ترغیب دیں گے۔نقوی نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ کچھ لوگ کورونا ویکسی نیشن کے متعلق  "بھے ، بھرم کا بھوکال" پیدا کررہے ہیں ، ایسے خود غرض عناصر نہ صرف لوگوں کی صحت اورسلامتی کے ہی نہیں بلکہ ملک کے بھی دشمن ہیں۔ ہمیں ایسے عناصر سے محتاط رہنا ہو گا۔

نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت ہندوستان میں دنیا کی سب سے بڑی کورونا ویکسینیشن مہم چلا رہی ہے ، جس میں ابھی تک  ۲۴کروڑ  ۳۰لاکھ افراد کو کورونا کے خلاف ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔

 آج حج ہاؤس ، ممبئی میں کورونا بحران کے دوران حج  2021ء سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ، جناب نقوی نے کہا کہ ہندوستان نے حج۲۰۲۱کے سلسلے میں اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں لیکن کورونا بحران کے مدِّ نظر ، سفر حج کے سلسلے میں،ہندوستان۔حکومتِ سعودی عرب کے فیصلے سے تعاون کرے گا۔

 اس میٹنگ میں سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید ۔ جدہ میں ہندوستان کے قونصل جنرل، جناب شاہد عالم ۔ مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور کے اعلیٰ عہدیدار ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شامل ہوئے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے سی۔ ای۔ او۔  جناب مقصود احمد خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Recommended