Urdu News

حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات بابرکات امت مسلمہ کے لیے عظیم نعمت

حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات بابرکات امت مسلمہ کے لیے عظیم نعمت

رسول اکرم کی جامعیت وکاملیت اور عالم گیریت نے کائنات کے ہر ذرے ہر گوشہ اور ہر شعبہ حیات کو متاثر کیا

اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کو اپنی بہت سی نعمتوں سے نوازا اور ہمارے لئے یہ لازم وملزوم کیا کہ ہم اس کی عظیم نعمتوں کا شکر ادا کریں۔اللہ تعالیٰ نے ان تما م نعمتوں میں سب سے افضل واعلیٰ نعمت سرکار دوعالم،نور مجسم،سرکار مدینہ حضرت محمد مطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات بابرکات ہے جن کی ولادت باسعادت ماہ ربیع الاول میں ہوئی۔اسلئے تمام اہل ایمان اس ماہ مبارک کے آتے ہی خوشیوں سے جھوم جاتے ہیں۔اور یہ مسرت اور شادمانی کی کیفیت کیوں نہ ہو جبکہ حضرت محمد مطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت تاریخ انسانی کا سب سے بڑا واقعہ اور گمراہ انسانیت کے لئے فرحت ومسرت کا سب سے بڑا سامان ہے۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا فضل،سب سے بڑا احسان،سب سے بڑی نعمت اور تمام جہان والوں کے لئے اللہ تعالیٰ کی بے پناہ رحمت ہے۔قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ کا ارشادگرامی ہے کہ اللہ تعالیٰ کا مسلمانوں پر سب سے بڑا احسان یہ ہے کہ انہی میں سے ایک رسول بھیجا گیااور یہ وہ رسول ہیں جو اللہ تعالیٰ آیتیں پڑھتے ہیں،انسانوں کو کتاب وحکمت سکھاتے ہیں کیونکہ یہ لوگ اس سے پہلے گمراہی میں تھے۔بخاری شریف کی حدیث مبارکہ میں ایک صحابی بیان فرماتے ہیں کہ ایک رات نبوت ورسالت کے آفتاب ومہتاب،انبیاء مرسلین کے تاجدار،مجسم رحمت،شافع محشر،فخر دو عالم نور مجسم،سید ابرار شاہ دو عالم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم رونق افروز تھے کہ میں آپ کی خدمت میں حاضر ہوا اس وقت آسمان پر چودھویں کا چاند روشن تھا۔صحابی بیان فرماتے ہیں کہ میں کبھی آسمان پر چاند کو دیکھتا اور کبھی زمین پر آپ سرکار دو عالم کا روشن چہرہئ مبارک کو دیکھتا،صحابی بیان کرتے ہیں کہ آپ کا چہرہئ مبارک چاند سے زیادہ روشن اور چمکدار تھا۔

اسی طرح ایک دن فرشتوں کے سردار حضرت جبرائیل امین علیہ السلام آپ کی خدمت اقدس میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ یا رسول اللہ میں نے حضرت آدم سے لیکر آپ تک تمام انبیاء اکرام کو دیکھا ہے میں نے حضرت یوسف کو بھی دیکھا مگر ایک بھی چہرہ آپ کے چہرہئ مبارک سے زیادہ حسین اور روشن نہیں دیکھاآپ سب سے خوبصورت اور روشن ہیں بلاشبہ خالق کائنات نے سب سے پہلے اپنے پارے حبیب حضور محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا نور پیدا کیا پھر اسی نور کو خلق عالم کا واسطہ ٹھہرایا۔

اسی لئے ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ تمہارے لئے اللہ کے رسول کی ذات کا نمونہ بہترین کیونکہ آپؐ کی جامعیت وکاملیت اور عالم گیریت نے کائنات کے ہر ذرے ہر گوشہ اور ہر شعبہئ حیات کو متاثر کیا،عبادات ہو یا معاملات،اخلاقیات ہو یا معاشرت،عدالت ہو یا سیاست،جنگی تدابیر ہو ں یا گھریلو مسائل،غرض کہ تمام معاملات میں رسول رحمت کی ذات صفات کامل و اکمل نمونہ کے طور پر سامنے آتی ہے۔اسلئے ہمیں بھی اپنی زندگی میں مذکورہ تمام باتیں شامل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ نبی اکرم سے محبت کا اظہار ان کے بتائے ہوئے طریقہ سے بہتر کچھ نہیں ہوسکتا۔اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے سچی محبت کا جذبہ ہمارے قلوب میں پیدا کردے۔

Recommended