Urdu News

وزیراعظم مودی یو اے ای کے صدرشیخ نہیان سے ملاقات کے بعد وطن واپسی کے لیے روانہ

وزیراعظم مودی یو اے ای کے صدر شیخ نہیان سے ملاقات کے بعد وطن واپسی کے لیے روانہ

اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا

وزیراعظم نریندر مودی منگل کے روز کچھ وقت کے لیے  جی۔7 سربراہی اجلاس سے واپس آتے ہوئے  متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی رکے۔ اس دوران انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے سابق صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ نہیان کے ساتھ بات چیت کے دوران، انہوں نے ہندوستان-یو اے ای کے درمیان جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم نے شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی کے مشیر شیخ تہانو بن زاید النہیان، نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زاید النہیان، ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی کے ایم ڈی شیخ حامد بن زاید النہیان، خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سمیت خاندان کے دیگر افراد سے تعزیت کا اظہار کیا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق، ملاقات کے دوران، دونوں رہنماوں نے ہندوستان-یو اے ای جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید گہرا اور متنوع بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم مودی نے النہیان کو متحدہ عرب امارات کے تیسرے صدر منتخب ہونے اور ابوظہبی کا حکمران بننے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کاخاص طور پر کووڈ۔19وبا کے دوران متحدہ عرب امارات میں 35لاکھ ہندوستانی کمیونٹی کی دیکھ بھال کرنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نیشیخ نہیان کو جلد از جلد ہندوستان آنے کی دعوت دی۔

وزیراعظم نریندر مودی جی۔ 7 سربراہی اجلاس سے واپسی پر منگل کو یو اے ای پہنچے۔ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے یہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کیا کہ وہ ابوظہبی ہوائی اڈے پر ان کے استقبال کے لیے اپنے بھائی ہز ہائی نس  شیخ محمد بن زاید النہیان کے خصوصیجیسچر سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک ویڈیو پیغام میں اسے 'خصوصی جیسچر' قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان اور شاہی خاندان کے افراد وزیر اعظم مودی سے ملاقات اور بات چیت کے لیے یہاں ہوائی اڈے پر آئے تھے تاکہ وزیر اعظم کو ان سے ملنے کے لیے شہر کا سفر نہ کرنا پڑے۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز دنیا کے سات امیر ترین ممالک کی تنظیم جی7 کی چوٹی کانفرنس میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے ہندوستان کی عالمی بھلائی اور موسمیاتی تبدیلی کو روکنے کے لیے کی جارہی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ وزیر اعظم نریندر مودی، جو جی7 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے شلاس ایلمو میں پہنچے، نے جرمن چانسلر اولاف سمیت اس میں شامل ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔

وزیراعظم مودی نے آخری بار اگست 2019 میں ابوظہبی کا دورہ کیا تھا۔ اسی دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان ذاتی ملاقات بھی ہوئی تھی۔

Recommended