Urdu News

پاکستانی صدر نے کشمیر مسئلے پر دیا عجیب و غریب بیان، کہا وادی کے لوگوں کی کرتے رہیں گے حمایت

پاکستان کے صدرعارف علوی

اسلام آباد : پاکستان کے صدرعارف علوی نے کہا کہ ان کا ملک اپنے پڑوس میں ہونے والی پیش رفت سے پوری طرح آگاہ ہے۔پاکستان خطہ میں امن کی فضا خراب کرنے کی کسی بھی سازش کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہے ۔ یوم دفاع کے موقع پر علوی نے اہل وطن کے نام اپنے پیغام میں کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ہندوستان کے ساتھ امن ممکن نہیں ۔ علوی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر سمیت تمام مسائل (ہندوستان کے ساتھ) کا حل تلاش کیا جائے ، جو خطے میں امن اور خوش حالی کو یقینی بنائے گا ۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق یوم دفاع کا آغاز اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اسلام آباد میں واقع بحریہ ہیڈ کوارٹرز میں 'چینج آف گارڈ ' کی تقریب منعقد کی گئی ۔ علوی نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوس میں ہونے والی پیش رفت سے پوری طرح آگاہ ہے اور امن برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور خطے میں امن کی فضا کو خراب کرنے کی کسی بھی سازش کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہے ۔

پاکستانی صدر نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا ۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہوگا ۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان زور دے کر کہتا رہا ہے کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ تھا ، ہے اور ہمیشہ رہے گا ۔ ہندوستان نے پاکستان کو یہ بھی بتادیا ہے کہ جموں و کشمیر سے متعلق امور اس کا اندرونی معاملہ ہے اور وہ اپنے مسائل خود حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

بتادیں کہ عمران خان نے پیر کو کہا کہ حکومت 'شدت پسند' ہندوستان کا اصل چہرہ بے نقاب کرتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتکاری کی وجہ سے دنیا کو کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم کے بارے میں پتہ چلا ہے ۔

حالانکہ عمران خان نے اپنے یہاں اقلیتوں پر ہونے والے ظلم و ستم پر خاموشی اختیار کی ۔ پاکستان 6 ستمبر کو ہندوستان کے ساتھ 1965 کی جنگ کی برسی کے موقع پر یوم دفاع اور یوم شہداء کے طور پر مناتا ہے۔

Recommended