Urdu News

پاکستان الیکشن کمیشن نے عمران خان کیلئے وارنٹ گرفتاری جاری کیا

وارنٹ گرفتاری کو   ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ فواد چودھری

اسلام آباد۔10؍ جنوری(انڈیا نیریٹو)

  الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے منگل کو توہین عدالت کیس میں پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے  ہیں۔

پاکستانی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق ای سی پی نے 3 جنوری کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔سابق وزیراعظم عمران خان، پی ٹی آئی رہنماؤں فواد چوہدری اور اسد عمر نے کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی تھی جسے آج ای سی پی بینچ نے مسترد کردیا۔

ای سی پی نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو 17 جنوری سے پہلے 50،ہزار  روپے کے ضمانتی مچلکوں پر ضمانت حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔گزشتہ ہفتے منگل کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور ان کی پارٹی کے رہنماؤں اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف متنازع ریمارکس پر دائر توہین عدالت کے مقدمے میں کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دی تھی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کی۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے منگل کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنا توہین عدالت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیس کی سماعت 17 جنوری کو مقرر کی گئی تھی، لیکن آج قواعد و ضوابط کے خلاف سماعت ہوئی۔فواد نے ای سی پی کے اقدام کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا بھی اعلان کیا۔

Recommended