Urdu News

شیوسینا کے نام اور پارٹی نشان کے لیے 2 ہزار کروڑ کی ڈیل، سنجے راوت کا الزام

 ادھو ٹھاکرے گروپ کے لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت

ممبئی، 19 فروری (انڈیا نیرٹیو)

 ادھو ٹھاکرے گروپ کے لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت نے اتوار کو بڑا الزام لگایا ہے کہ شیوسینا کے نام اور پارٹی کے نشان کے لیے دو ہزار کروڑ روپے کی ڈیل ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اعداد و شمار اب تک سامنے آچکے ہیں تاہم اس سے زیادہ ڈیل متوقع ہے۔

سی ایم ایکناتھ شندے کو بدعنوانی میں مکمل طور پر ملوث بتاتے ہوئے سنجے راوت نے اتوار کو کہا کہ ایم ایل ایز کو 50-50 کروڑ روپے میں خریدا گیا ہے، جب کہ ایم پیز کو خریدنے کے لیے 100-100 کروڑ روپے کی بولیاں لگائی گئی ہیں۔

سنجے راوت نے یہ بھی کہا کہ ہمارے برانچ ہیڈز اور کونسلرز کو خریدنے کے لیے 50 لاکھ سے ایک کروڑ روپے کی بولیاں لگائی جا رہی ہیں۔ سنجے راوت نے کہا کہ حکمراں اتحاد کے قریبی ایک بلڈر نے انہیں یہ بتایا ہے اور ان کے پاس اس کے ثبوت ہیں، جنہیں وہ جلد ہی منظر عام پر لائیں گے۔

تاہم، سنجے راؤت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے، شندے گروپ کے ایم ایل اے سدا سرونکر نے کہا کہ سنجے راوت کا دماغ اپنی جگہ پر نہیں ہے۔ شندے گروپ کے ایک اور ایم ایل اے شاہ جی باپو نے کہا کہ سنجے راوت پاگل ہو گئے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی نائب صدر کرٹ سومیا نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا سنجے راوت عدالت میں اپنا بیان کہہ سکتے ہیں؟

Recommended