اقلیتی کمیشن نے لطیف پور سے نقل بے دخل کئے گئے سکھوں کا از خود نوٹس لیا
اس سارے معاملے پر حکومت پنجاب چیف سیکرٹری سے جواب طلب
قومی اقلیتی کمیشن نے 1947 سے پنجاب کے جالندھر کے لطیف پور میں رہنے والے سکھوں کی بے دخلی کا از خود نوٹس لیا ہے۔ اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے کمیشن کے چیئرمین اقبال سنگھ لال پورہ نے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب سردی شروع ہو چکی ہے، یہ بزرگ اپنے گھروں سے بے دخل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمیشن نے اس سارے معاملے پر پنجاب حکومت کے چیف سیکریٹری سے جواب طلب کر لیا ہے۔
لال پورہ نے کہا کہ یہ لوگ 1947 سے پنجاب کے جالندھر کے لطیف پور میں رہ رہے ہیں۔ اب ان سکھوں کو یہاں سے نکالا جا رہا ہے۔ کمیشن نے ان کی بے دخلی کا از خود نوٹس لیا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی متبادل پناہ گاہ فراہم کیے بغیر بے دخل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ پولیس نے علاقے کے بزرگ رہائشیوں کے ساتھ بھی بدتمیزی کی ہے۔ اس سرد مہینے میں بے دخل ہونے سے پہلے انہیں متبادل رہائش فراہم کی جانی چاہیے تھی۔ قومی اقلیتی کمیشن نے اس معاملے میں پنجاب کے چیف سیکرٹری سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے