سیمیکون انڈیا 2023 نمائش کا افتتاح کل گاندھی نگر میں ہوگا
نمائش کا افتتاح گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر بھائی پٹیل، وزیر مملکت راجیو چندر شیکھر کی موجودگی میں کریں گے
معروف 80 سیمی کنڈکٹر کمپنیوں کے 150 اسٹالز اپنی اختراعات کی نمائش کے لیے
‘‘سیمیکون انڈیا 2023’’ نمائش کا افتتاح کل گاندھی نگر میں گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر بھائی پٹیل کے ذریعہ، مرکزی وزیر مملکت برائے ہنر مندی اور صنعت کاری اور الیکٹرانکس اور آئی ٹی، جناب راجیو چندر شیکھر کی موجودگی میں کیا جائے گا۔
یہ نمائش سیمیکون انڈیا 2023 کے دوسرے ایڈیشن کے آغاز کی نشاندہی کرتی ہے، جس کا اہتمام انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں صنعت اور صنعتی انجمنوں کے ساتھ قریبی اشتراک سے کیا ہے۔ 25 سے 30 جولائی تک منعقد ہونے والا یہ پروگرام سیمی کنڈکٹر ڈیزائن، مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ میں عالمی پاور ہاؤس بننے کی طرف ہندوستان کے سفر کو ظاہر کرے گا، جو انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن کے وژن کے ساتھ منسلک ہے۔
سیمیکون انڈیا 2023 میں مائیکرون ٹیکنالوجی اور اپلائیڈ میٹریل جیسے بڑے سیمی کنڈکٹر کمپنیز کی نمایاں شرکت دیکھنے کو ملے گی، جنہوں نے حال ہی میں ہندوستان کے سیمی کنڈکٹر ماحولی نظام میں کافی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔ صرف مائیکرون ٹیکنالوجی کی سرمایہ کاری گجرات میں قائم ایک سیمی کنڈکٹر اسمبلی اور ٹیسٹ پلانٹ میں $825 ملین ہے اور اپلائیڈ میٹریلز نے اپنے انجینئرنگ کولیبریٹو سینٹر کے لیے $400 ملین کا عہد کیا ہے۔
نمائش میں 150 اسٹالز ہیں جو 80 معروف کمپنیوں کی نمائندگی کرتے ہیں تاکہ وہ اپنی اختراعات اور مصنوعات کی نمائش کرسکیں۔ یہ متنوع کمپنیاں سیمی کنڈکٹرز کے پورے سپیکٹرم بشمول سپلائی چین، عالمی انٹیگریٹڈ ڈیوائس مینوفیکچررز، اور گھریلو کمپنیوں۔کا احاطہ کرتی ہیں۔
اختراعات کی نمائش کے علاوہ ایوینٹ میں 25 اسٹارٹ اپ شامل ہوں گے جو اپنی اختراعات کی نمائش کریں گے اور صنعت کے رہنماؤں سے رابطہ کریں گے۔
سیمیکون انڈیا 2023 میں 23 ممالک اور متعدد ریاستوں کی شرکت بھی دیکھی جائے گی، جس میں اتر پردیش اور گجرات کے اسٹالز ہوں گے، جو سیمی کنڈکٹر کی صنعت کی ترقی کی حمایت میں ریاستی حکومتوں کی اجتماعی کوششوں کو ظاہر کرے گا۔
ایس سی ایل، اسرو اور اسپیس ایپلی کیشن سنٹر جیسے ادارے بھی اپنی نمائش کریں گے اور آئی آئی ٹی بمبئی،آئی آئی ٹی مدراس،بی آئی ٹی ایس پیلانی ، گنپت یونیورسٹی، اور نرما یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے فعال طور پر حصہ لیں گے، جو ہندوستان کی سیمی کنڈکٹر کی ترقی کو آگے بڑھانے میں اکیڈمیا کے اہم کردار کو اجاگر کریں گے۔
سیمیکون انڈیا 2023 ایک مضبوط سیمی کنڈکٹر ماحولی نظام کی تعمیر کے لیے ہندوستان کے مضبوط عزم کا ثبوت ہے۔ بڑے پیمانے پر اختراعی نمائشوں کے ساتھ نمائش فخر کے ساتھ سیمی کنڈکٹر کی مہارت کے لیے ایک ابھرتے ہوئے عالمی مرکز کے طور پر بھارت کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔