کسی شخص کو کامیاب بنانے کا بہترین طریقہ اسے جوابدہ بنانا ہے – نائب صدر
آئی آر ایس افسران کے 75ویں بیچ کے آفیسر ٹرینیز نے نائب صدر سے ملاقات کی
نائب صدر جمہوریہ جناب جگدیپ دھنکھڑ نے آج ملک کی ترقی کے لیے نظام میں شفافیت اور جوابدہی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی شخص کو کامیاب بنانے کا بہترین طریقہ اسے جوابدہ بنانا ہے اور غیر شفافیت معاشرے میں گراوٹ لانے کا یقینی طریقہ ہے۔
آج ا‘پ راشٹرپتی نواس میں آئی آر ایس افسران کے 75ویں بیچ کے آفیسر ٹرینیز سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر نے کہا کہ ہندوستان پہلے کے مقابلے کہیں زیادہ ترقی کر رہا ہے اور ٹکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ جرات مندانہ حکمرانی اصلاحات نے نظام کو منصفانہ اور شفاف بنا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ایک ایکو سسٹم تیار کیا گیا ہے جس میں ہندوستانی آئین کے دیباچے میں درج نظریات کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے‘‘۔
نائب صدر نے پروبیشنرز سے کہا کہ سب سے بڑی خوشی معاشرے کو واپس دینے میں ہے
آفیسر ٹرینیز کو ہندوستان کی ترقی کی کہانی کا حصہ بننے کی تلقین کرتے ہوئے، جناب دھنکھڑ نے ان سے کہا کہ وہ مضبوط اور بے خوف رہیں۔ انہوں نے نوجوان پروبیشنرز سے کہا کہ دن کے اختتام پر، سچائی، شفافیت اور راست بازی کی طاقت کی ہی جیت ہوتی ہے۔
’زیادہ حکمرانی اور کم حکومت‘ کے حکومت کے نقطہ نظر کی تعریف کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ سب سے بڑی خوشی اور اطمینان سماج کو واپس دینے اور لوگوں کی خدمت کرنے میں ہے۔
راجیہ سبھا کے سیکرٹری جنرل جناب پی سی مودی ، سی بی ڈی ٹی کے چیئرمین جناب نتن گپتا، انڈین ریونیو سروس کے 75ویں بیچ کے آفیسر ٹرینیز اور این اے ڈی ٹی کے فیکلٹی ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔