Urdu News

ایک شام ناصر عزیز کے نام: نوئڈا کے شاندار وِلا میں شعر و ادب کی پُر وقار محفل

تصویر: مشہور و معروف شاعر ایڈوکیٹ ناصر عزیز(درمیان میں) اپنے رفقاء و دیگر شعراء کے ساتھ

ایک شام ناصر عزیز کے نام: نوئڈا کے شاندار وِلا میں شعر و ادب کی پُر وقار محفل
اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں ایک”ایڈوکیٹ ناصر عزیز کے نام ایک شام“ کا انعقاد

مورخہ 18مارچ 2023 یس ایس نوئیڈا ایکسٹینشن میں واقع معروف ایڈووکیٹ اطہر عالم صاحب کے دولت کدے پر ایک اعزازی نشست بعنوان” ایک شام ناصر عزیز کے نام”منعقد کی گئی۔ اس پُر وقار شعری نشست کی صدارت استاد و محترم شاعر جناب طالب رامپوری نے فرمائی۔ نظامت ڈاکٹر شفیع ایوب نے اپنے منفرد انداز میں بحسن و خوبی انجام دی۔
نشست کے آغاز میں صاحب اعزاز ناصر عزیز صاحب کی گل پوشی کی گئی۔ اور ڈاکٹر شفیع ایوب صاحب نے ان کی شخصیت اور شاعری کے حوالے سے پر مغز گفتگو کی۔ اور پھر باقاعدہ   شعری نشست کا آغاز منیر انجم نے اپنی بہترین غزل سے کیا۔

شاعری کا جادو جو سر چڑھ کر بولے

اور پھر شعروسخن کا ایسا حسین سماں بندھا کہ تین گھنٹے تک لوگ بہترین شاعری سے محظوظ ہوتے رہے، اور وقت کا پتہ ہی نہیں چلا۔
امروہہ سے بطور خاص اس محفل میں شرکت کے لیے آئے مہمان شعراء ڈا کٹر ناصر امروہوی، تاج دار احمد اور انیس احمد کی موجودگی نے اس پر وقار محفل کو مزید وقار بخشا۔ اور ان کے کلام سے بھی سامعین خوب محظوظ ہوئے اور داد و تحسین سے نوازا۔طنز و مزاح کے شاعر انس فیضی اور احمد علوی نے محفل کو زعفران زار بنایا تو ڈاکٹر ایم آر قاسمی نے روایتی انداز میں غزل پڑھ کر نئی نسل کو باور کرایا کہ مشاعروں میں ترنم سے غزل کیسے پڑھتے ہیں۔

ہر شاعر کچھ منفرد خیالات نظم کرتا ہے

امروہہ کے معروف شاعر ڈاکٹر ناصر امروہوی نے خوبصورت مرصع غزل پیش کی جسے سامعین نے داد و تحسین سے نوازا۔ عمران عظیم ایڈوکیٹ، منیر انجم، انیس احمد امروہوی، تاجدار احمد وغیرہ کو بھی سامعین نے بغور سنا اور داد و تحسین سے نوازا۔ ہزاروں لوگوں کو اردو رسم الخط سے واقف کرانے والے مشہور شاعر، مبصر و ناظم ڈاکٹر خان رضوان نے اپنے خاص انداز میں کلام پیش کر کے خوب داد حاصل کی۔
صاحب اعزاز ایڈوکیٹ ناصر عزیز نے اپنے دوست ایڈوکیٹ اطہر عالم و دیگر شعراء و سامعین کا شکریہ ادا کیا اور اپنی خوبصورت شاعری سے نوازا۔ ناصر عزیز نے متفرق اشعار بھی سنائے اور چند غزلیں و ایک نہایت فکر انگیز نظم سے بھی سامعین پر جادو کیا۔ جناب صدر طالب رام پوری نے رام پور اور امروہہ کی شاعری کے امتیازات پر مختصر گفتگو بھی کی اور اپنے استادانہ کلام سے بھی نوازا۔

داد و تحسین بھی اور ضیافت بھی

اخیر میں میں میزبان مکرم ایڈووکیٹ اطہر عالم نے شعراء و حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ اور بہترین عشائیے پر اس محفل کا اختتام ہوا۔قارئین کی ضیافت کے لئے کچھ منتخب اشعار پیش ہیں۔

تیری دوستی کی خاطر وہ پہاڑ سر اٹھائے
کہ پہاڑ خود اٹھائے تو پہاڑ ٹوٹ جائے
ناصر عزیز
گھر کے دروازے نے کھڑکی کو پکارا رک جاؤ
پاؤں پکڑے ہوئے کچھ دور گلی بھی آئی
طالب رامپوری
یوں تو ایک جگنو ہی تیرگی کو کافی ہے
پھر بھی ایک جگنو کو روشنی نہیں کہتے
ڈاکٹر ایم آر قاسمی

سنا یہ ہے بنا کرتے ہیں جوڑے آسمانوں پر
تو یہ سمجھیں کہ ہر بیوی بلائے آسمانی ہے
احمد علوی میرٹھی

سر نخوت ذرا سا خم ہوتا
سب کی نظروں میں محترم ہوتا
ڈاکٹر شفیع ایوب
ہم تو اپنے قد کے برابر بھی نہ ہوئے
لوگ نہ جانے کیسے خدا ہو جاتے ہیں
خان محمد رضوان
جان و دل تم پر فدا کرتے ہیں
حق محبت کا ادا کرتے ہیں
منیر انجم
اداس ہیں جو حسین چہرے
میں ان کو ہنسنا سکھا رہا ہوں
محمد انس فیضی
خدائی سے تری انکار کب ہے
مری محرومیاں اپنی جگہ ہیں
ڈاکٹر ناصر امروہوی

مری خواہش ہے کہ دیوار نہ اٹھے کوئی
ہے کوئی بھائی مرا مجھ کو گماں رہنے دے
تاجدار احمد
بات کرتے ہو تو جاتی ہے مہک دور تلک
تم نے کس سے یہ محبت کی زباں سیکھی ہے
انیس احمد

تصویر: مشہور و معروف شاعر ایڈوکیٹ ناصر عزیز(درمیان میں) اپنے رفقاء و دیگر شعراء کے ساتھ

Recommended