Urdu News

نوروز ایران کا قومی تہوار

نوروز ایران کا قومی تہوار

نوروز ایران کا قومی تہوار ہے۔ یہ موسمِ بہارکی آمد پرفارسی سال کے پہلے مہینے فروردین کی پہلی تاریخ کو منایا جاتا ہے۔ تیرہ دنوں تک ایرانی اس تہوار کو انتہائی جوش وخروش اور مسرت کے ساتھ مناتے ہیں۔ عیسوی کیلنڈر کے مطابق یہ تہوار اکیس مارچ کو منایا جاتا ہے۔ اس تہوار کی ابتدا جمشید کے زمانے سے ہوئی، جمشید اسی دن تخت نشیں ہوا تھا۔ جمشید کے بعد ایرانی بادشاہوں نے اس روایت کو زندہ رکھا۔ خاص طور سے ساسانی حکمران اس دن اپنا دربار منعقد کرتے تھے، امرا و اراکینِ سلطنت بادشاہ کے حضور تحفے پیش کرتے اور بادشاہ انہیں انعام واکرام سے نوازتے تھے۔ صوبوں کے نئے گورنروں کا تقرر کیا جاتا، نئے نئے سکے ڈھالے جاتے، آتش کدوں کی صفائی کا خاص اہتمام کیاجاتا۔ جشن جمشیدی اسی نوروز کا دوسرا نام ہے۔ نوروز کا تلمیحی استعمال شاعری میں اس طور پر ہوا ہے۔
واسطے خلعت نوروز کے ہر باغ کے بیچ
آبجو قطع لگی کرنے روش پر مخمل
(سودا)
فی الحقیقت یہ وہ شادی ہے کہ جس کے رو برو
جشنِ جمشیدی کا کچھ مطلق نہیں رتبہ رہا
(ذوق)
بہ شکریہ باسط خٹک

Recommended