Urdu News

محترمہ میناکشی لیکھی نے نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹس،واقع نئی دہلی میں ’بُدھم شرنم گچھامی‘ نمائش کا آغاز کیا

امورِ خارجہ اور ثقافت کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ میناکشی لیکھی

امورِ خارجہ اور ثقافت کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ میناکشی لیکھی نے  10 مئی 2023 کو نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹس واقع نئی دہلی میں سینئر بدھسٹ راہبوں، ایلچیوں، سفارتکاروں اور وزارت کے افسران کی موجودگی میں ’بُدھم شرنم گچھامی‘ نمائش کا آغاز کیا۔ ڈریپنگ گومانگ مٹھ کے کنڈے لنگ تتسک رِن پوچھے اس پروگرام میں مہمان ذی وقار کی حیثیت سے شامل ہوئے ۔

بھگوان بدھ کی حیات پر مبنی اس نمائش میں ملک بھر میں بدھسٹ فن پاروں اور ثقافت کے سفر کو پیش کیا گیا ہے۔ جدید بھارتی آرٹ کے  مشہور فنکاروں کی تخلیقات کو پیش کیا گیا ہے، انہیں مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر ایک فن پارہ بدھ مذہب اور بدھ کی حیات کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ فن پارے بدھ مذہب کی تاریخ اور فلسفے کی جھلک پیش کرتے ہیں۔

نمائش کا آغاز چراغ روشن کرنے اور سینئر بدھ راہبوں کے نعروں کے درمیان انگ وسترا کی پیشکش کے ساتھ ہوا۔بعد ازاں ’’شویتا مکتی‘‘ رقص پیش کیا گیا جس کے تحت کویتا دویدی اور ان کے گروپ کے ذریعہ اوڈیسی طریقہ رقص میں نروان کی نسائی عظمت کو پیش کیا گیا۔

نمائش میں سری لنکا اور میانمار جیسے ممالک کی پینٹنگز کو دکھایا گیا

اس موقع پر کئی ممالک کے مشنوں کی نمائندگی ان کے ہیڈ آف مشنز اور نائبین کے ذریعہ کی گئی۔ اس پروگرام میں بدھ مذہب کے ماننے والوں کی خاطرخواہ آبادی والے ممالک – نیپال، میانمار، منگولیا، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، بھوٹان- کے نمائندوں نے حصہ لیا۔ ڈنمارک، گریس، لگزمبرگ، جمیکا، پرتگال، جارجیا، آئیس لینڈ، ایکواڈور، شام، پیرو کے علاوہ کئی دیگر ممالک کے سینئر سفارتکارحضرات بھی اس موقع پر موجود تھے۔

نمائش میں سری لنکا اور میانمار جیسے ممالک کی پینٹنگز کو دکھایا گیا ہے اور یہ بتایا گیا ہے کہ کس طرح بودھ مذہب کی مختلف ممالک میں تبلیغ ہوئی۔ نمائش کا مقصد آرٹ کی روحانیت اور بدھ مت سے متعلق ان کے عناصر کے بارے میں دریافت کرنا ہے اور اس کے سفر میں حکمت، ہمدردی اور امن کی آفاقی اقدار کا اظہار کرنا ہے۔

مشہور ہندوستانی فنکار نندلال بوس نے بدھا کی زندگی اور تعلیمات اور ان کی روحانیت کے راستے کو ایک حقیقی معیار کے ساتھ لائن ڈرائنگ کے ذریعہ تلاش کیا۔ نکولس رورِک اور بیریشور سین کی تخلیقات میں دلکش ہمالیہ اپنی حقیقی خوبصورتی کا احساس دلاتا ہے۔ سفارتکاروں نے اس نمائش اور ثقافتی پروگرام کی ستائش کی اور کہا کہ اس سے انہیں بھگوان بدھ کی زندگی اوران کی اقدار کے بارے میں مزید معلومات حاصل ہوئی۔

یہ نمائش نیشنل گیلر آف ماڈرن آرٹس، انڈیا گیٹ پر عوام کے لیے 10جنوری  تک کھلی ہے۔

Recommended