Urdu News

مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں نمازِ عیدالاضحی کے سب سے بڑے اجتماعات

مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں نمازِ عیدالاضحی کے سب سے بڑے اجتماعات

مکہ مکرمہ،28جون(انڈیا نیرٹیو)

عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں نماز عید کے دنیا کے سب سے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ادھر حجاج کرام آج بڑے شیطان کی رمی کر رہے ہیں، قربانی کر کے سر منڈوائیں گے اور احرام کھول دیں گے، طوافِ زیارت کریں گے۔صفا اور مروہ کے درمیان عام لباس میں سعی کریں گے۔

واضح رہے کہ حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفات ادا کرنے کے بعد لاکھوں حجاج کرام گزشتہ رات مزدلفہ پہنچے تھے۔حجاج کرام نے مزدلفہ پہنچ کر مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کیں اور رات کو وہیں پر قیام کیا۔ریاض سے سعودی ادارۂ شماریات کا کہنا تھا کہ حاجیوں کی تعداد اندازوں سے بہت کم رہی ہے، اس سال حج میں 18 لاکھ 45 ہزار 45 مرد و خواتین عازمین نے شرکت کی۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ریاستوں میں عید الاضحی آج منائی جا رہی ہے۔دوسری جانب دبئی میں اماراتی روایت کے مطابق توپ کے دو گولے داغ کر عید کا اعلان کیا گیا۔برطانیہ، کینیڈا اور امریکا میں اس بار بھی کمیونٹیز تقسیم ہیں، بعض آج اور بعض جمعرات کو عید منائیں گے۔

Recommended