Urdu News

کوٹرنکہ ڈگری کالج میں عالمی یوم عربی کی مناسبت سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

جی ڈی سی کوٹرنکہ  ڈگری کالج کی طر ف سے آج یعنی 19دسمبر2022 کو عربی زبان کے عالمی دن کے موقع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ سیمینار کا موضوع ’’انسانی تہذیب میں عربی زبان کا تعاون‘‘ رہا۔

اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر یاسمین عشائی ڈائریکٹر کالجز جموں و کشمیر رہیں۔ اس موقع پر مہمان مقرر کے طور پر ڈاکٹر محمد ابراہیم مصباحی ، اسیسٹینٹ پروفیسربابا غلام شاہ بادشاہ راجوری اور ڈاکٹر سعیدہ واجل پی جی کالج راجوری رہیں۔

ڈاکٹر جسبیر سنگھ، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ، ڈاکٹر شمیم ​​آزاد، پرنسپل ڈگری کالج ڈونگی اور ڈاکٹر محمد فاروق، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے ساتھ ساتھ مختلف کالجوں کے اساتذہ نے سیمنار میں آن لائن شرکت فرمائی۔ سیمینار میں ڈگری کالج کوٹرنکہ کےاساتذہ اور طلبا حاضر رہے ۔

ڈاکٹر راجندر سنگھ ، پرنسپل جی ڈی سی کوٹرنکہ  ڈگری کالج

 مہمانوں کا استقبال ڈاکٹر محمد مشتاق صدر شعبہ عربی آئی کیو اے سی کوآرڈینیٹر نے کیا  ۔ انہوں نے آج کے سیمینار کے موضوع پر تفصیلی گفتگو بھی فرمائی۔ ڈائریکٹر کالجز نے جموں و کشمیر کے اس دور دراز علاقے میں واقع  کالج میں ایسی ادبی تقریب کے انعقاد پر پرنسپل ڈگری کالج کوٹرنکہ اور ان کی پوری ٹیم کو سراہا۔

ڈاکٹر محمد مشتاق صدر شعبہ عربی

انہوں نے زبانیں سیکھنے کی ضرورت پر زور دیا جو کہ این ای پی2020کے تحت بہت ضروری بھی ہے۔ مزید انہوں نے عربی زبان کی تاریخ پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے طلبا کے کامیاب کیرئیر کے لیےاین ای پی2020 کی روشنی میں مستقبل کا روڈ میپ بھی پیش کیا۔

 مہمان مقرر ڈاکٹر محمد ابراہیم مصباحی نے عربی زبان کی پیچیدگیوں اور جدید دور میں مذہبی، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں اس کے اثرات کے بارے میں طویل گفتگو فرمائی۔

کوٹرنکہ ڈگری کالج میں عالمی یوم عربی کی مناسبت سے ایک روز ہ سیمینارمیں شریک مہمان

ڈاکٹر سعیدہ واجل نے عربی زبان کے معاشی پہلوؤں اور ریاست جموں و کشمیر اور قومی سطح پر عربی زبان میں تعلیم دینے والے مختلف اداروں پر ایک تفصیلی لیکچر پیش کیا۔ انہوں نے عربی زبان میں ملازمت کے مواقع پر بھی بات کی۔

ڈاکٹر راجندر سنگھ، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج کوٹرنکہ نے ڈائرکٹر کالجز اور دیگر تمام معززین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سیمینار سے اس کالج کے طلبہ ضرور مستفید ہوئے ہوں گے۔

 اس موقع پر پرنسپل صاحب نے ڈاکٹر یاسمین عشائی صاحبہ ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس سیمینارمیں ہمارے طلبا کو روشناس کرنے کے لیے اپنے مصروف شیڈول میں سے اپنا قیمتی وقت نکالا اور ہماری حوصلہ افزائی فرمائی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر غلام مصطفی ضیا صدر شعبہ اردو ڈگری کالج کوٹرنکہ نے انجام دیے۔

سیمینار کی تفصیلات یہاں ملاحظہ کریں

Recommended