Urdu News

صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے پورٹر پرائز 2023 حاصل کیا

صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے پورٹر پرائز 2023 حاصل کیا

صحت کے شعبے اور خاص طور پر کووڈ مینجمنٹ میں کوششوں کا اعتراف کئے جانے کی سمت میں  ایک اہم کامیابی کے طور پر حکومت ہند کی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت  نے پورٹر پرائز 2023 حاصل کیا ہے۔ اس پرائز کا اعلان اسٹینفورڈ یونیورسٹی میں  انسٹی ٹیوٹ فار کمپی ٹیٹیونس اور یو ایس ایشیا ٹیکنالوجی مینجمنٹ سینٹر (یو ایس اے ٹی ایم سی)کے ذریعہ23 اور 24 فروری 2023 کو منعقدہ ’’دی انڈیا ڈائیلاگ‘‘ میں کیا گیا۔ یہ پرائز صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ اور صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت  سکریٹری جناب راجیش بھوشن کی ورچوئل موجودگی میں صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کو پیش کیا گیا۔کانفرنس کا موضوع ’’ہندوستانی معیشت 2023: اختراع، مسابقت اور سماجی ترقی‘‘ تھا۔

اس پرائز  کے ذریعہ کووڈ ۔ 19 کے بندوبست  میں حکومت ہند کی جانب سے اختیار کی گئی حکمت عملی، اس کے نقطہ نظر اور مختلف اسٹیک ہولڈرز، خاص طور پر پی پی ای کٹس تیار کرنے کے لیے صنعت میں آشا کارکنوں کی شمولیت کا اعتراف کیا گیا ہے ۔ اس بات کا بھی ذکر کیا گیا کہ “ویکسین تیار کرنے،اس کی مینوفیکچرنگ  کا خیال اور ہندوستان نے جس پیمانہ پر یہ کام کیا، وہ زبردست تھا۔ ہندوستان نے اب تک 2.5 بلین سے زیادہ خوراکیں فراہم کی ہیں، جو کہ ایک  حیرت انگیز کارنامہ  ہے۔ وزارت نے ملک میں کووڈ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔

صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے پورٹر پرائز 2023 حاصل کیا

ماہرین نے کہا  کہ ہندوستان نے اپنے کووڈ مینجمنٹ میں جو حکمت عملی اپنائی ہے وہ بہت کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے ہندوستان کی حکمت عملی کے تین بنیادی ستونوں – کنٹینمنٹ، ریلیف پیکیج، اور ویکسین کی فراہمی کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ بتایا گیا کہ یہ تینوں اقدامات جان بچانے اور کووڈ ۔ 19 کے پھیلاؤ کو روک کر معاشی سرگرمیوں کو یقینی بنانے، ذریعہ معاش کو برقرار رکھنے اور وائرس کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنے میں اہم تھے۔ اس طرح ہندوستان نے کووڈ کی روک تھام کے سلسلے میں اپنی کارروائی کا منصوبہ تیار کرنے میں معاشی نتائج کے ساتھ سماجی ایجنڈوں کا توازن قائم کیا اور اس طرح اپنے صحت دیکھ ریکھ نظام کے ذریعے لچک کا مظاہرہ کیا۔

پورٹر پرائز کا اعلان انسٹی ٹیوٹ فار کمپی ٹیٹیو نیس (آئی ایف سی) اور اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے زیر اہتمام دی انڈیا ڈائیلاگ میں کیا گیا

صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے سکریٹری جناب راجیش بھوشن نے کہا، ” صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے، اس باوقار ایوارڈ کو حاصل کرنا واقعی ایک اعزاز کی بات ہے۔ یہ ایسا سنگ میل ہے جو ہمیں مستقبل میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ترغیب دے گا کہ ہماری کارروائی زیادہ چست اور شواہد پر مبنی ہو۔ ‘‘

کانفرنس میں اختراع، مسابقت اور سماجی ترقی کے موضوعات پر کلیدی خطابات پیش کئے گئے اور پینل مباحثےہوئے۔ شرکاء نے ہندوستان کے مستقبل اور اس کی مسلسل ترقی کے لیے درپیش چیلنجوں کے بارے میں ایک نقطہ نظر حاصل کیا۔ معاشیات، کاروبار، پالیسی سازی، اور سماجی ترقی کے شعبے کے دانشوروں اور ان شعبوں کے ماہرین 2023 میں ہندوستان کی معیشت کی حالت کے بارے میں اپنا تازہ ترین نقطہ نظر فراہم کرنے کے لیے موجود تھے۔

 یہ پرائز حکومت ہند کے ذریعہ کووڈ ۔ 19 کے کنٹرول اور روک تھام کے لیے اختیار کی گئی  جامع حکمت عملی کے اعتراف میں دیا گیا ہے

پورٹر پرائز کا نام ایک ماہر اقتصادیات، محقق، مصنف، مشیر، مقرر اور استاد مائیکل ای پورٹر کے نام پر رکھا گیا ہے۔ ان کی تحقیق کو متعدد ایوارڈز سے نوازہ گیا ہےاور آج معاشیات اور کاروبار میں سب سے زیادہ حوالےانہیں کے دئے جاتے ہیں۔

خصوصی پریزنٹیشن پینل کا حصہ بننا والے دیگر مقررین میں بی ایم جی ایف  کے ڈائریکٹر-انڈیا کنٹری آفس جناب ہری مینن؛ نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر مائیکل اینرائٹ؛ ہارورڈ ٹی ایچ چانس اسکول آف پبلک ہیلتھ کے پروفیسر ڈاکٹر ایس وی سبرامنین اور ہلٹ انٹرنیشنل بزنس اسکول اور ہارورڈ یونیورسٹی کے ڈویژن آف کنٹی نیوئنگ  ایجوکیشن کے پرفیسر ڈاکٹر مارک ایسپوزیٹو شامل تھے۔

Recommended