مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بی بی سی کی دستاویزی فلم نشر کرنے والے متعدد یوٹیوب چینلز کو بلاک کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت نے ٹوئٹر سے ’انڈیا: دی مودی کیوشچن‘ نامی دستاویزی فلم کے بارے میں 50 سے زیادہ ٹویٹس کو ہٹانے کو بھی کہا ہے۔
وزارت کے ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں جمعہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئی ٹی رولز 2021 کے تحت ہنگامی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے یوٹیوب اور ٹوئٹر کو اس دستاویزی فلم کو بلاک کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ یوٹیوب اور ٹویٹر اس ایکٹ کے تحت حکم کی تعمیل کرنے کے پابند ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ’انڈیا: دی مودی کیوشچن‘ ایک دستاویزی فلم ہے جسے برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) نے بنایا ہے، جو کہ برطانیہ کے پبلک براڈکاسٹر ہے۔ دو روز قبل اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزارت خارجہ نے اسے بھارت کے خلاف پروپیگنڈہ قرار دیا تھا۔ وزارت نے اسے ایک پروپیگنڈا مواد کا حصہ قرار دیا ، جسے ایک خاص کہانی کو آگے بڑھانے کے مقصد سے پھیلایا جا رہا ہے۔ اس میں تعصب ، معروضیت کا فقدان اور نوآبادیاتی ذہنیت واضح طور پر نظر آتی ہے۔