Urdu News

موربی واقعہ: گجرات ہائی کورٹ نے لیا ازخود نوٹس

حادثہ کیس میں ریاستی حکومت کو نوٹس ملنے کے بعد انتخابی ماحول گرم ۔

احمد آباد، 7 نومبر (انڈٰیا نیریٹو)۔ گجرات ہائی کورٹ نے موربی کے جھولتا پل کے منہدم ہونے کے ایک ہفتہ بعد اس کا ازخود نوٹس لیا ہے۔ ہائی کورٹ نے گجرات حکومت کو نوٹس بھیج کر 10 دن کے اندر جواب دینے کو کہا ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت اب 14 نومبر کو ہوگی۔

پیر کو گجرات ہائی کورٹ نے موربی حادثے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے گجرات حکومت کو نوٹس بھیج کر اس معاملے میں اب تک کی گئی کارروائی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کو کہا۔ عدالت نے ریاستی حکومت کے علاوہ موربی میونسپلٹی، سٹی ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ، ریاست کے چیف سکریٹری، ریاستی انسانی حقوق کمیشن وغیرہ کو بھی حکم جاری کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے چیف سکریٹری اور ہوم سکریٹری سے پورے معاملے پر اسٹیٹس رپورٹ طلب کی ہے۔ جانکاری کے مطابق ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ شنکر سنگھ واگھیلا نے ہائی کورٹ کو خط لکھ کر اس معاملے میں از خود نوٹس لینے کی درخواست کی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ 30 اکتوبر کی شام 6.32 بجے موربی کا جھولتا پل گرنے سے 135 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حادثے کے بعد 175 سے زائد افراد کو پانی سے باہر نکالا گیا۔ اس معاملے میں موربی میونسپلٹی کے چیف آفیسر سندیپ سنگھ جھالا کو معطل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے اب تک نو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ حکومت نے معاملے کی جانچ کے لیے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔

Recommended