اپنے دو روزہ دورے کے دوران ، سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکر ی نے ہریانہ کے سوہنا، راجستھان کے دوسا اور بوندی اور مدھیہ پردیش کے رتلام شہروں میں دہلی – ممبئی ایکسپریس وے پر جاری کام میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ سوہنا میں جناب گڈکری نے ہریانہ کے وزیراعلی ٰ جناب ایم ایل کھٹر اور مرکزی وزیر جناب راؤ اندر جیت سنگھ کے ساتھ ایکسپر یس وے کے کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ہریانہ میں 160 کلو میٹر طویل سڑک تعمیر کی جائے گی، جس میں سے 130 کلو میٹر پر کام کا پہلے ہی ٹھیکہ دیا جا چکا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ہریانہ کے ساتھ راجستھان ، مدھیہ پردیش، گجرات اور مہاراشٹر کے جڑ جانے سے یہ ایکسپریس وے علاقے میں خوش حالی اور ترقی کے فروغ کا باعث ہوگا۔ جناب گڈکری نے بتایا کہ دہلی این سی آر خطے میں 15 منصوبوں کو منظوری دی گئی ہے، جن پر 53000 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ ان میں سے 14 پروجیکٹوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کے مکمل ہوجانے سے دہلی این سی آر خطے میں فضائی آلودگی میں بڑے پیمانے پر کمی سامنے آئے گی اور ٹریفک جام کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 1380 کلو میٹر طویل دہلی – ممبئی ایکسپریس وے ملک کا سب سے طویل ایکسپریس وے ہے، جو مارچ 2023 تک مکمل ہو جائے گا۔
راجستھان کے دوسا میں ریاستی وزیر ڈاکٹر بی ڈی کلّا اور ارکان پارلیمنٹ محترمہ جسکور مینا ، ڈاکٹر کروڑی لال مینا اور سابق ممبر پارلیمنٹ جناب رام نرائن مینا جناب گڈکری کے ساتھ شامل ہوگئے۔ راجستھان میں 16 ہزار 600 کروڑ روپے کی لاگت سے 374 کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر کی جائے گی۔ جناب گڈکری نے بتایا کہ اس ایکسپریس وے سے الور ، بھرت پور، دوسا ، سوائی مادھو پور ٹونک، بوندی اور کوٹا اضلاع کی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہلی – ممبئی ایکسپریس وے کے اس سیکشن کے تعمیر ہو جانے سے جے پور سے دہلی کا فاصلہ صرف دو گھنٹوں میں طے کرلیا جائے گا۔
جناب گڈکری نے مدھیہ پردیش کے رتلام میں ارکان پارلیمنٹ جناب سدھیر گپتا ، جناب گمان سنگھ اور جناب انل فروزیا کے دہلی – ممبئی ایکسپریس وے پر جاری کام میں پیش رفت کا معائنہ کیا۔ جناب گڈکری نے بتایا کہ ریاست میں 245 کلو میٹر طویل ایکسپریس وے کی تعمیر پر 11000 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی – ممبئی ایکسپریس وے اور چمبل ایکسپریس وے مدھیہ پردیش کے لئے ترقی کے انجن ثابت ہوں گے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ ان کے ذریعے روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ہتھ کرگھا ، دستکاری اور خطے کے دیگر کاموں میں ترقی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ رتلام ، دہلی – ممبئی ایکسپریس وے کا اہم مرکز ہے اور یہاں ریاستی حکومت کی مدد کے ساتھ صنعتی ترقی کے لئے لاجسٹک مراکز کی تعمیر کے سلسلے میں تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔