نئی دہلی، 2 مئی(انڈیا نیرٹیو)
محمد حسام الدین نے پیر کے روز ازبکستان کے تاشقند میں پہلے راؤنڈ میں شاندار جیت درج کر کے آئی بی اے مینز ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ 2023 میں ہندوستان کی مہم کی شاندار شروعات کی۔
دو مرتبہ کے کامن ویلتھ گیمز کے کانسے کا تمغہ جیتنے والے حسام الدین نے 57 کلوگرام زمرے کے ابتدائی راؤنڈ میں مقدونیہ کے حریف ایلین رستموسکی کو 0-5 سے شکست دی۔ تلنگانہ میں پیدا ہونے والے باکسر نے محتاط آغاز کیا۔
اپنی طاقت اور تکنیکی صلاحیت کا استعمال کرتے ہوئے، حسام الدین درستگی کے ساتھ مکے لگانے اور متفقہ فیصلے کے ذریعے جیتنے میں کامیاب رہے۔
حالانکہ، 60 کلوگرام کے زمرے میں، ورندر سنگھ کو ازبکستان کے مجیبلو ترسونوف کے خلاف 0-5 سے شکست ہوئی اور وہ مقابلے سے باہر ہو گئے۔
باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا (بی ایف آئی) نے عالمی چمپئن شپ میں حصہ لینے کے لیے 13 رکنی دستہ میدان میں اتارا ہے، جس میں 107 ممالک کے متعدد اولمپک میڈلسٹ سمیت 538 باکسرز حصہ لے رہے ہیں۔
اب تک، کل سات ہندوستانی مرد باکسروں نے ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ میں تمغے جیتے ہیں، موجودہ دستے نے اب اگلے پکھواڑے میں تاشقند میں اس تعداد کو بڑھانے کا عزم کیا ہے۔