واشنگٹن،2اپریل(انڈیا نیرٹیو)
ٹرمپ کو منگل کو عدالت طلب کیا گیا ہے۔ ان کی پیشی قریب آتی جارہی ہے، اسی تناظر میں سابق صدر کی قانونی ٹیم نے اعلان کردیا ہے کہ وہ ان کا مقدمہ مین ہٹن سے منتقل کرنے کی درخواست پر غور کر رہی ہے۔
بلومبرگ کے مطابق ٹرمپ کی قانونی ٹیم نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کے مؤکل کو مین ہٹن میں انصاف نہیں ملے گا۔ قانونی ٹیم فرد جرم کی تفصیلات کا انتظار کر رہی ہے تاکہ مقدمہ کی منتقلی کی درخواست جمع کرائی جا سکے۔
دریں اثنا ویب سائٹ ’’ایکسیوس‘‘ کے مطابق سابق امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے معاملے میں کانگریس سے 37 ریپبلکنز کی حمایت حاصل کرلی ہے۔ ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کی حمایت کرنے والے ریپبلکن عدلیہ اور نگرانی کی کمیٹیوں کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
نیویارک میں فرد جرم عائد ہونے کے بعد سابق امریکی صدر کو منگل کو عدالت میں پیش ہونا ہے۔ جمعہ کے روز عدالتی حکام نے ان کی پیشی کا حکم دیا۔ اس سے ریاستہائے متحدہ امریکہ کے سابق صدر کی گرفتاری اور مقدمے کا ایک بے مثال منظر سامنے آئے گا۔
ٹرمپ پر فرد جرم کا اعلان جمعرات کو کیا گیا تھا کہ انہوں نے 2016 کی صدارتی مہم کے دوران غیر ازدواجی جنسی تعلقات کے الزامات کو دبانے کے لیے خاتون کو رقم ادا کی تھی۔
یہ فرد جرم جیوری کی تحقیقات کے بعد لگائی گئی تھی۔فرد جرم کی تفصیلات اب تک سامنے نہیں لائی گئی ہیں۔ سابق ریپبلکن صدر نے کسی بھی غلط کام کی تردید کی ہے اور ڈیموکریٹک اٹارنی جنرل کے ذریعہ تحقیقات کو “سیاسی ظلم و ستم” قرار دیا ہے۔