نئی دہلی، 4 نومبر(انڈیا نیریٹو) شمالی کوریا کی جانب سے اچانک ایک ساتھ متعدد میزائل داغے جانے سے امریکہ ناراض ہے۔ امریکہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا پر مزید پابندیاں عائد کرے۔
امریکی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان اینڈرین واٹسن نے کہا کہ شمالی کوریا نے میزائل داغ کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔ اس لئے دنیا بھر کے ممالک کو چاہئے کہ وہ شمالی کوریا پر سخت پابندیاں عائد کریں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی سیکیورٹی ٹیم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر صورتحال کا جامع جائزہ لے رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بدھ کو شمالی کوریا کی جانب سے 23 میزائل داغے جانے کے بعد جنوبی کوریا کے ایک جزیرے پر فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے اور لوگوں کو زیر زمین بنکروں میں لے جایا گیا۔ ہنگامی میزائل داغے جانے کے بعد جاپان کے وزیراعظم کے دفتر نے بھی الرٹ جاری کر دیا۔
شمالی کوریا کی طرف سے داغے گئے میزائلوں میں سے کم از کم ایک کا رخ جنوبی کوریا کے جزیرے کی طرف تھا۔ اسی دوران جنوبی کوریا نے بھی جوابی کارروائی کے طور پر اسی سرحدی علاقے میں اپنا میزائل داغا۔ اس سے چند گھنٹے قبل شمالی کوریا نے جنوبی کوریا اور امریکہ کے درمیان جاری فوجی مشقوں کے خلاف احتجاج میں دونوں ممالک کو دھمکی دی تھی کہ انہیں تاریخ کی سب سے خوفناک قیمت چکانی پڑ سکتی ہے۔ شمالی کوریا نے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکی بھی دی۔