نئی دہلی، 4 جولائی 2021، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ایم ایم نروانے 5 سے 8 جولائی 2021 تک کے برطانیہ اور اٹلی کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ اس چار روزہ دورے کے دوران وہ بھارت کے ساتھ دفاعی تعاون میں اضافے کے مقصد سے ان ملکوں کے اپنے ہم منصبوں اور سینئر فوجی قائدین سے ملاقات کریں گے۔
برطانیہ کا دو روزہ دورہ 5 اور 6 جولائی 2021 کو ہوگا، جس کے دوران بھارتی فوج کے سربراہ دفاعی سکریٹری آف اسٹیٹ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف، چیف آف جنرل اسٹاف اور دیگر معززین سے بات چیت کریں گے۔ وہ فوج کے مختلف فارمیشنز کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ باہمی مفاد کے معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
بقیہ دو روز (7 اور 8 جولائی 2021) کے اپنے دورے کے دوران فوج کے سربراہ اطالوی فوج کے چیف آف اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے ساتھ اہم بات چیت کریں گے۔ اس کے علاوہ بھارتی فوج کے سربراہ مشہور شہر کیسینو میں انڈین آرمی میموریل کا افتتاح بھی کریں گے اور روم کے سیچنگ گولا میں اطالوی فوج کے کاؤنٹر آئی ای ڈی سینٹر آف ایکسی لینس میں انہیں بریفنگ دی جائے گی۔