Urdu News

جناب نتن گڈکری نے کہا کہ سڑک حادثات کو کم کرنےکے لئے سڑک تیار کئے جانے کے تمام مرحلوں پر تحفظ سے متعلق آڈٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے

سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں اور ایم ایس ایم ای کے وزیر جناب نتن گڈکری

 

 
 

نئی دہلی،  5 جولائی 2021،   سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں اور ایم ایس ایم ای کے وزیر جناب نتن گڈکری نے کہا ہے  کہ سڑک حادثات کو کم کرنےکے لئے سڑک تیار کئے جانے  کے تمام مرحلوں پر تحفظ سے متعلق آڈٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ وہیکل کریش سیفٹی سے متعلق ورچوئل سمپوزیم کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اور دیگر ترقی پذیر ممالک میں سڑک حادثات کی شرح بہت زیادہ اور ہر سال تقریباً   1.5  لاکھ لوگ ہلاک ہو جاتے ہیں۔ یہ تعداد کووڈ سے ہونے والی اموات سے بھی زیادہ ہے۔ وزیر مو صوف نے کہا کہ  ان کا ویژن یہ ہے کہ وہ سڑک حادثات میں ہونے والی اموات کو 50 فیصد تک کم کر دیں اور سال 2030 تک صفر حادثات اور اموات کے نشانے کو حاصل کر لیں۔  جناب گڈکری نے کہا کہ تقریباً 60 فیصد اموات دو پہیا گاڑیوں کے سواروں کی ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل ٹریفک کا تحفظ اور سیفٹی وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہیکل ٹیکنالوجی نے بہت ترقی کی ہے اور سڑک انجنیئرنگ کے اقدامات سے حادثے کی صورت میں موت کا سبب بننے والے گاڑیوں کے خطرناک ٹکراؤ کے امکانات کم ہوئے ہیں۔ وزیر موصوف نے ڈرائیوروں کی تربیت اور جدید تربیتی انسٹی ٹیوٹ اور مراکز قائم کئے جانے کی اہمیت پر زور دیا۔

جناب  گڈکری نے کہا کہ اچھی سڑکیں تیار کرنا اور سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا ان کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مقصد کے حصول کے لئے اور بیداری پھیلانے کے لئے تمام متعلقین کےدرمیان تعاون، ترسیل اور تال میل ضروری ہے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

Recommended