جرمنی نے ہندوستان، برطانیہ اور پرتگال سے آنے والے مسافروں پر پابندی ختم کردی
برلن، 06 جولائی (انڈیا نیرٹیو)
جرمنی نے منگل کے روز ڈیلٹا ویرینٹ کی وجہ سے ہندوستان، برطانیہ اور پرتگال کے مسافروں پر عائد پابندی ختم کردی۔ یہ پابندی کورونا کے نئے ڈیلٹا ویرینٹ سے متاثرہ ممالک کے مسافروں پر عائد کی گئی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ کورونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کی وجہ سے ہندوستان میں کافی تباہی ہوئی۔ تاہم، یہاں کورونا کے نئے معاملات میں کمی واقع ہوئی ہے اور صورتحال پہلے کے مقابلے میں بہت بہتر ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈیلٹا ویرینٹ کے بہت سے معاملے برطانیہ میں بھی درج کیے گئے ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے ڈیلٹا ویریئنٹ کے پیش نظر، بہت سے ممالک نے غیر ملکی سفر پر پابندی عائد کردی ہے۔ تاکہ تیزی سے پھیلنے والے وائرس کو روکا جاسکے۔ اس سلسلے میں، جرمنی نے 16 ممالک پر بھی سفری پابندیاں عائد کردی ہیں جہاں خیال کیا جاتا ہے کہ وہاں کورونا کے کیسز زیادہ ہیں۔
ڈیلٹا ویرینٹ کے بارے میں، عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل، ٹیڈروس ایڈونوک گیبریئسس نے کہا کہ اس کے زیادہ تر معاملے ایسے ہی آرہے ہیں جہاں سے ویکسی نیشن نہیں کروائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ زیادہ تر لوگوں کو جلد سے جلد ویکسین لگاکربچایا جاسکتا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق، اب تک دنیا کے 98 ممالک میں یہ ویرینٹ پہنچ چکاہے۔