Urdu News

وزیر اعظم نے ملک کے اہم سائنس اداروں میں ہونے والی ایجادات پر خوشی کا اظہار کیا

@PMO India

وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے ممتاز سائنسی اداروں میں ہونے والی ایجادات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسٹارٹ اپس کو دی جا رہی مدد، پیشہ وروں کی مہارت میں اضافے سے ہندوستان کی نوجوان طاقت کوکافی فائدہ حاصل ہوگا۔

وزیر اعظم مودی نے جمعرات کے روز مرکزی مالی اعانت سے چلنے والے ٹکنالوجی انسٹی ٹیوٹس کے 100 سے زیادہ ڈائریکٹرس کے ساتھ بات چیت کے بعد ملک کے اہم سائنس و ٹکنالوجی کے اداروں کے ساتھ اپنی بات چیت کی تفصیلات ٹویٹر پر شیئر کیں۔ ان اداروں نے وزیر اعظم کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں پرزنٹیشن دیئے تھے۔

وزیر اعظم نے آئی آئی ایس سی بنگلور، آئی آئی ٹی  ممبئی، آئی آئی ٹی چنئی، آئی آئی ٹی کانپور کے بارے میں ٹویٹ کیا۔

ٹویٹس کی ایک سیریز میں  وزیر اعظم نے کہا،’معروف آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایس سی بنگلور کے ڈائریکٹرس کے ساتھ ایک اچھی گفتگو ہوئی جس کے  دوران ہم نے ہندوستان کو تحقیق اور ترقی کا مرکز بنانے، جدت طرازی اور نوجوانوں میں سائنس کو مقبول بنانے سمیت مختلف موضوعات پر اپنے خیالات کاتبادلہ کیا۔

انہوں نے کہا، آئی آئی ایس سی بنگلور سے آنے والی ٹیم نے روبوٹکس، تعلیم میں کی جانے والی کوششوں جیسے ریاضی اور سائنس اساتذہ کو تربیت دینا اور کووڈ۔19 جیسے شعبوں میں اپنی اہم تحقیق اور ترقی پر  دلچسپ پریزنٹیشنز شیئر کیں۔ انہوں نے ’آتم نربھربھارت کے وژن میں صحت کو اہمیت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایک اور ٹویٹ میں، وزیر اعظم نے کہا مجھے نائٹروجن جنریٹرس کو آکسیجن جنریٹرس میں تبدیل کرنے، کینسر کے علاج کے لئے سیل تھیریپی اور ان کی اکیڈمک جدت طرازی جیسے ایل اے ایس ای پروگرام شروع کرنا، ڈیجیٹل ہیلتھ میں پی جی،اے آئی اورڈیٹا سائنس کے لئے ٹکنالوجی میں آئی آئی ٹی ممبئی کے وسیع کام کی تفصیلات جان کر خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا، آئی آئی ٹی چنئی کی ٹیم نے کووڈ کو کم کرنے کی کوششوں جیسے ایک ماڈیولر اسپتال کا قیام، ہاٹ اسپاٹ کا تخمینہ، ان کی کثیر الشعبہ تحقیق اور پروگرامنگ اور ڈیٹا سائنس میں ان کے آن لائن  بی ایس سی کورس کے بارے میں بات کی۔  وہ پورے ہندوستان میں بہترڈیجیٹل کوریج پر بھی کام کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دیکھ کر مجھے فخر ہے کہ آئی آئی ٹی کانپور بلاک چین ٹیکنالوجیز  میں مستقبل میں تحقیق اور ایجادات،  ہوا کی کوالٹی مانیٹرنگ، الیکٹرانک ایندھن کے انجیکشن اور دیگر چیزوں میں ایک مرکز بن گیا ہے۔اسٹارٹ اپس کو دی جا رہی مدد، پیشہ ور افراد کی مہارت میں اضافہ سے ہندوستان کی نوجوان طاقت کو بہت فائدہ ہوگا۔

 قابل ذکر ہے کہ بات چیت کے دوران، آئی آئی ایس سی بنگلور کے پروفیسر گووندن ر نگراجن، آئی آئی ٹی بمبئی کے پروفیسر سبھاشیس چودھری، آئی آئی ٹی مدراس کے پروفیسر بھاسکر رام مورتی اور آئی ٹی کانپور کے پروفیسر ابھے کرندیکر نے وزیر اعظم کوپرزینٹیشن دیا اور انہیں جاری مختلف منصوبوں، تعلیمی سرگرمیوں اور ملک میں کی جا رہی تحقیق سے واقف کرایا۔ وزیر اعظم کوکووڈ سے متعلق تحقیق کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جس میں جانچ کے لئے نئی ٹکنالوجی تیار کرنا،کووڈ ویکسین کی نشوونما کے لئے ترقیاتی کوششیں، دیسی آکسیجن  کنسنٹریٹرس، آکسیجن جنریٹرس، کینسر سیل تھیریپی، ماڈیولر اسپتال، ہاٹ اسپاٹ تجزیہ، وینٹیلیٹر، روبوٹکس، ڈرون، آن لائن تعلیم، بیٹری ٹکنالوجی بھی شامل ہے۔ وزیر اعظم کو نئے تعلیمی نصاب خصوصاً آن لائن کورسز کے بارے میں بھی بتایا گیا، جو معیشت اور ٹکنالوجی کی بدلتی نوعیت کے مطابق تیار کئے جا رہے ہیں۔

اس بات چیت کے دوران مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اور تین وزیر مملکت برائے تعلیم انا پورنا دیوی، ڈاکٹر سبھاش سرکار اور ڈاکٹر راج کمار رنجن سنگھ بھی موجود تھے۔

Recommended