دوسری جنگ عظیم کے دوران شہید ہونے والے 5782 ہندوستانی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا
اٹلی کے مشہور شہر کیسینو میں ہندوستانی فوجیوں کی بہادری اور قربانی کی داستانیں ایک بار پھر تازہ ہوگئیں جب یہاں ہندوستان کے فوجی جنرل ایم ایم نرونے نے انڈین آرمی میموریل کا افتتاح کیا۔ یہ ہندوستان کے نڈر فوجیوں اور ان کی اعلیٰ قربانی کی یاد میں بنایا گیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے دوسری جنگ عظیم کے دوران شہید ہونے والے 5782 ہندوستانی فوجیوں کودولت مشترکہ قبرستان میں گلہائے عقیدت بھی پیش کیا جو 77 سال کے بعد ایک تاریخی لمحہ رہا۔
جنرل ایم ایم نرونے 07 جولائی کو دو روزہ دورے پر اٹلی پہنچے ہیں۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹجک اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ جنرل نرونے نے اٹلی کے وزیر دفاع لورینزو گورینی سے ملاقات کی اور ہندوستان-اٹلی دفاعی تعاون کو مستحکم کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے اطالوی فوج کے سربراہ، لیفٹیننٹ جنرلپیئترو سیرینو سے بات چیت کی اور مشترکہ فوجی تعاون کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ جنرل نرونے روم کے شہر سیچنگولا میں اطالوی فوج کے کاؤنٹر آئی ای ڈی سنٹر آف ایکسی لینس بھی گئے جہاں انہیں اس کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی۔
دوسری جنگ عظیم کے دوران مونٹے کیسینو کی لڑائی میں 5782 ہندوستانی فوجیوں نے اٹلی کو فاشسٹ قوتوں سے بچانے کےلیے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی لاشیں ابھی بھی اٹلی کے چھ بڑے شہروں میں 40 قبرستانوں میں مدفون ہیں۔
انہیں ہندوستانی فوجیوں کی یاد میں اٹلی کے مشہور شہر کیسینو میں انڈین آرمی میموریل تعمیر کیا گیا ہے۔ آرمی چیف جنرل نرونے نے یادگار کا افتتاح کرنے کے بعد دولت مشترکہ قبرستان میں بھی گلہائے عقیدت پیش کی۔