اینٹی ڈیفیکشن قانون میں تبدیلی کے لیے حکومت سے درخواست کریں گے:اوم برلا
نئی دہلی ، 12 جولائی (انڈیا نیرٹیو)
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج کہا کہ اینٹی ڈیفیکشن قانون کے تحت ایک مقررہ مدت کے اندر فیصلہ ہونا چاہیے اور وہ حکومت سے قانون میں ترمیم کی درخواست کریں گے مسٹر برلا نے یہ بات پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں یہاں پریس کانفرنس میں کہی۔
اینٹی ڈیفیکشن ایکٹ کے تحت ترنمول کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ کو دیئے گئے نوٹس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مسٹر برلا نے بتایا کہ یہ ایوان کی کارروائی سے متعلق فیصلہ ہے جس کا پریس کانفرنس میں جواب نہیں دیا جاسکتا۔
تاہم ، انہوں نے یہ بات قبول کیا کہ اینٹی ڈیفکشن ایکٹ کے تحت معاملے کا فیصلہ ایک مقررہ مدت کے اندر ہونا چاہیے اور وہ حکومت سے اس ضمن میں اینٹی ڈیفکشن ایکٹ میں ترمیم کرنے کی درخواست کریں گے۔
ما نسون پارلیمنٹ کے اجلاس کے بارے میں مسٹر برلا نے بتایا کہ سیشن 19 جولائی سے 13 اگست تک چلے گا۔ کل 19 نشستیں ہوں گی اور ایوان کی کارروائی صبح 11 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
17 ویں لوک سبھا کی پیداوری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1952 سے اب تک، تمام لوک سبھا کے پہلے پانچ سیشنوں میں اتنا کام نہیں ہو سکا ہے جو 17 ویں لوک سبھا کے پہلے پانچ اجلاسوں میں ہوا ہے۔