پی ایچ ڈی کی تمام نشستیں جے آر ایف کے لیے الاٹ کرنے پر جے این یو کو ہائی کورٹ کا نوٹس
نئی دہلی، 16 جولائی (انڈیا نیرٹیو)
جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کو پی ایچ ڈی کی تمام نشستیں صرف جونیئر ریسرچ فیلوشپ (جے آر ایف) کے لیے الاٹ کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت کے دوران دہلی ہائی کورٹ نے جے این یو کو نوٹس جاری کیا ہے۔ چیف جسٹس ڈی این پٹیل کی سربراہی میں بنچ نے 2 اگست تک جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
یہ عرضی اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) کے جے این یو یونٹ نے دائر کی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے پیش ہوئے ایڈووکیٹ اشوک اگروال نے عرض کیا کہ تعلیمی سیشن 2021-22 کے لیے، جے این یو کے سات مراکز میں پی ایچ ڈی کی 100 فیصد نشستیں جے آر ایف کے زمرے کے درخواست دہندگان کو الاٹ کی گئیں ہیں۔ جے این یو کے فیصلے کی وجہ سے، نان جے آر ایف کیٹیگری کے طلبہ یہاں سے پی ایچ ڈی نہیں کرسکیں گے۔ اس سے بہت سارے طلبہ پی ایچ ڈی کرنے سے محروم ہوجائیں گے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اب تک جے این یو میں یہ قانون لاگو نہیں تھا۔ پچھلے سال، جے این یو کے پاس جے آر ایف کیٹیگری کے ساتھ پی ایچ ڈی کی نشستوں کو پْر کرنے کے ساتھ ساتھ نان جے آر ایف طلبا کے لیے داخلہ امتحان بھی تھا لیکن اس سیشن کے لئے جے این یو نے اپنے ای پراسپیکٹس میں جے آر ایف کے ساتھ تمام نشستیں پْر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسا کرنا امتیازی سلوک اور غیر آئینی ہے۔
جے این یو میں جن سات مراکز کے لئے پی ایچ ڈی میں صرف جے آر ایف کے زمرے کے طلبا کو نشستیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں سینٹر فار انٹر نیشنل ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ،پی ایچ ڈی ان ہیومن رائٹس اسٹڈیز، سینٹر فار انگلش اسٹڈیز، سینٹر فار انڈین لنگویج(پی ایچ ڈی ان ہندی، پی ایچ ڈی ان اردو، پی ایچ ڈی ان ٹرانسلیشن)، سینٹر فار اسٹڈی فار لا، گورننس اسپیشل سینٹر فار سسٹمس میڈیسن اورسینٹر فار ویمین اسٹڈیز شامل ہیں۔