Urdu News

ممبئی میں بارش کی وجہ سے عام زندگی متاثر

ممبئی میں بارش

ہفتہ کی رات سے موسلادھار بارش کے باعث ممبئی میں زندگی درہم برہم ہوگئی ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے شہر میں تین مقامات پر پہاڑیوں کے کھسکنے اور وحفاظتی دیوار کے گرنے سے 19 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ موسلا دھار بارش نے ممبئی کی زندگی کو متاثر کیا۔ اس کی وجہ سے، ہاربر ریل سروس مکمل طور پر رک گئی ہے، جب کہ مغربی اور وسطی ریلوے سروس دیر سے چل رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، کولابا میں 196.8 ملی میٹر اور سانتا کروز میں 105.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح ضلع تھانہ کے علاقے میرا روڈ میں 126 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارش کی وجہ سے، شہر کے نشیبی علاقوں دادر، کنگ سرکل، سائک سرکل، لال باغ، کرلا، اندھیری، ملاڈ، وسائی، نالاسوپارہ وغیرہ میں بڑے پیمانے پر پانی جمع ہے۔

میونسپل کارپوریشن کے ملازمین پمپ لگا کر نشیبی علاقوں میں پانی کو نکالنے  کی کوشش کر رہے ہیں۔ اتوار کے روز سے ہفتہ سے جاری موسلا دھار بارش سے راحت ملی ہے، جس کی وجہ سے آبی نکاسی کے کام میں تیزی آگئی ہے۔ شہر کے متعدد علاقوں میں سوسائٹیاں بھی زیر آب آگئیں۔

شدید بارش کی وجہ سے میٹھی ندی کی آبی سطح میں 4 میٹر تک اضافہ ہوا ہے۔ اس کے پیش نظر، دریائے میٹھی کے کنارے بسنے والے افراد کو وہاں سے نکال کر محفوظ مقا م پر جگہ پر پہنچایا گیاہے۔

صدر، وزیر اعظم نے ممبئی میں حادثات پردکھ کا اظہار کیا، دو لاکھ معاوضے کا اعلان کیا

صدرجمہوریہ، وزیر اعظم سمیت مرکزی وزراء نے ممبئی کے دو مختلف مقامات چیمبور اور وکرولی میں شدید بارش سے ہونے والے حادثات پر غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ سے مہلوکین کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے۔

صدر رام ناتھ کووند نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ انہیں ممبئی کے چیمبور اور وکروولی میں شدید بارش کے باعث متعدد ہلاکتوں کی خبروں پر شدید غم ہے۔ انہوں نے کہا”میں سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور ان کی امداداور راحت  کاموں میں کامیابی کی دعا کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ ان حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 2 لاکھ اور معاوضے کے طور پر زخمیوں کو 50000 روپے دیئے جائیں گے۔ یہ رقم وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ (پی ایم این آر ایف) کو دی جائے گی۔لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلااور وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی ان حادثات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

Recommended