Urdu News

لوک سبھا کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک کے لیے ملتوی

لوک سبھا

لوک سبھا کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک کے لیے ملتوی

نئی دہلی ، 20 جولائی (انڈیا نیرٹیو)

حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے مختلف امور پر ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ایوان زیریں ( لوک سبھا) میں وقفہ سوالات آج متاثر رہا اور ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

جیسے ہی صبح گیارہ بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوئی کانگریس اور کچھ دوسری اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر نعرے لگانے لگے۔ وہ جاسوسی کے مبینہ الزامات ، مہنگائی ، کسانوں سے متعلق امور اور دیگر امور کے الزامات پر ہنگامہ کھڑا کر رہے تھے۔ ایوان کے اسپیکر اوم برلا نے اپوزیشن ممبران سے پرسکون رہنے کی اپیل کی اوروقفہ سوالات کی کارروائی کا آغاز کیا۔

وزیر مملکت برائے زراعت اور کسان بہبود کیلاش چودھری نے شور کے درمیان جدید زراعت سے متعلق ایک سوال کا جواب دیا۔اسی دوران حزب اختلاف کے کچھ ارکان ہاتھ میں پلے کارڈ لے کر ایوان کے وسط میں آگئے۔ مسٹر برلا نے ایک بار پھر ان سے پرسکون رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں پلے کارڈز لانا ضابطہ عمل کے تحت نہیں ہے۔ ممبران برائے کرم نعرے اور پلے کارڈ دکھانا بند کریں۔

انہوں نے کہا ’’آپ جس بھی معاملہ پر بحث کرنا چاہتے ہیں ، حکومت اس کے لیے تیار ہے‘‘۔ لیکن جب ممبروں پر ان کی اپیل کا کوئی اثر نہیں ہوا تو انہوں نے صبح 11.30 بجے ایوان کی کارروائی کو دوپہر 2 بجے تک کے لیے ملتوی کردیا۔

Recommended