ٹوکیو،20جولائی(انڈیا نیرٹیو)
ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کرنے والی میکسیکو کی بیس بال ٹیم کے دو کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔میکسیکو کے بیس بال حکام نے اعلان کیا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے لیے روانہ ہونے سے کچھ دن قبل ہی دو کھلاڑی کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔دونوں کھلاڑیوں ہیکٹر ویلزکوز اور سیمی سولیس کا کورونا ٹیسٹ 18 جولائی کو مثبت آیا تھا جس کے بعد سے ہی ان کو آئسولیشن میں بھیج دیا ہے۔
بقیہ ٹیم ممبران کے کویڈ ٹیسٹوں کے نتائج ابھی سامنے نہیں آئے ہیں۔لیبارٹری سے ٹیم مینجمنٹ اور دیگر ارکان کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ آنے تک تمام لوگ اپنے اپنے کمروں میں قرنطینہ اختیار کر رہے ہیں۔اولمپکس کے آغاز میں چند روز باقی ہیں جبکہ اب تک 4 کھلاڑیوں اور ایک انالسٹ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔ترجمان ٹوکیو اولمپکس کا کہنا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں صرف 61 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ہمیں اس سے کہیں زیادہ کی امید تھی، اولمپکس ولیج مکمل طور پر محفوظ ہے۔
خیال رہے کہ ایتھلیٹس ولیج مثبت کیسز میں دو جنوبی افریقی فٹبالر، جمہوریہ چیک کی بیچ والی بال پلیئر اور ایک امریکی خاتون ایتھلیٹ شامل ہیں۔صدر آئی او سی تھوماس باخ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔