Urdu News

سعودی عرب میں گھریلو ملازمین کے معاہدوں میں انشورنس کوریج پر عمل 2022ء سے ہو گا

سعودی عرب

سعودی عرب میں گھریلو ملازمین کو اجرت پر بھرتی کرنے کے معاہدے میں انشورنس کوریج شامل کرنے پر عمل درامد کا آغاز آئندہ برس 2022ءکے اوائل سے ہو گا۔ اقدام پر عمل درامد سعودی وزارت برائے انسانی وسائل و سماجی بہبود کی جانب سے کرایا جائے گا۔ وزارت کو سعودی عرب کے مرکزی بینک کا تعاون بھی حاصل ہو گا۔سعودی روزنامے "الاقتصادیہ" نے با خبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ انشورنس کوریج کو تکنیکی طور سے "مساند" کے پلیٹ فارم کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔ انسانی وسائل اور سماجی بہبود کی وزارت بعد میں متعلقہ اداروں کے تعاون سے اس اقدام کے نفاذ کا طریقہ کار جاری کرے گی۔ متعلقہ اداروں میں سعودی مرکزی بینک اور وزارت داخلہ شامل ہیں۔

وزارت کی جانب سے اعلان کردہ معلومات کے مطابق اس فیصلے سے آجر اور کارکن دونوں کے حقوق اور فوائد کو ضمانت حاصل ہو گی۔اس فیصلے سے سعودی لیبر مارکیٹ زیادہ پر کشش بن جائے گی، معاہدانہ تعلقات بہتر ہوں گے، گھریلو ملازمین کی بھرتی کی مارکیٹ کے خطرات میں کمی آئے گی اور تمام فریقوں کے حقوق کو ضمانت حاصل ہو گی۔

یاد رہے کہ سعودی کابینہ نے رواں سال مئی میں گھریلو ملازمین کے معاہدوں میں انشورنس کوریج شامل کرنے سے متعلق سفارشات کی منظوری دی تھی۔ فیصلے کے مطابق پہلے دو سال کے لیے انشورنس کے اخراجات ریکروٹنگ فرموں اور آجروں کے بیچ طے پانے والے معاہدوں میں شامل کی جائے گی۔ دو سال بعد آجر کی جانب سے ملازم کے قیام کی تجدید کی صورت میں انشورنس کوریج اختیاری ہو گی۔

خادم الحرمین الشریفین نے ملائیشیا کو طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی

سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ملائیشیا کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔شاہ سلمان نے کنگ سلمان مرکز برائے انسانی امداد کو ہدایت کی ہے کہ ’برادر ملک ملائیشیا کو کرونا سے نمٹنے کے لیے ضروری طبی سامان کی ترسیل کی جائے‘۔ ’یہ طبی امداد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تجویز پر کی جا رہی ہے جن سے ملائیشیا کے وزیر برائے خارجہ امور ہشام الدین حسین نے ٹیلیفونک رابطے کے دوران امداد کی اپیل کی تھی‘۔

داریں اثنا کنگ سلمان مرکز برائے انسانی امداد کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب ہمیشہ دوست ممالک کی مدد کے لیے انسانی کردار ادا کرتا رہا ہے‘۔ ’شاہ سلمان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ملائیشیا کو کورونا ویکسین کی دس لاکھ خوراکوں کے علاوہ مختلف قسم کا طبی سامان اور ادویہ ارسال کی جائیں گی‘۔انہوں نے کہا ہے کہ ’ملائیشیا کے وزیر برائے خارجہ امور کے تعاون سے کرونا ویکسین تیار کرنے والی کسی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا جائے گا جس براہ راست ویکسین کی کھیپ وہاں ارسال کرے گی‘۔ ڈاکٹر الربیعہ نے ملائیشیا کو طبی سامان کی امداد فراہم کرنے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

حج سیزن کے اختتام کے بعد معتمرین کے پہلے گروپ کی مسجد حرام آمد

حج سیزن کے مکمل ہونے کے بعد عمرہ زائرین کا پہلا گروپ ہفتے کی شب 12 بجے مسجد حرام پہنچ گیا۔ اس سے قبل مسجد حرام میں معتمرین اور نمازیوں کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں۔ اعتمرنا ایپلی کیشن سے بکنگ کے ذریعے عمرے کی ادائیگی کا سلسلہ آج اتوار کے روز سے شروع ہو رہا ہے۔اس سلسلے میں مسجد حرام کے امور کے نگرانِ اعلی کے سکریٹری ڈاکٹر سعد المحیمید نے بتایا کہ جنرل پریذیڈنسی نے معتمرین اور نمازیوں کے استقبال کے لیے اپنی تمام افرادی قوت اور آلات کا استعمال کیا ہے۔ یہ اقدامات احتیاطی تدابیر کے مطابق کیے گئے ہیں۔

المحیمید نے مزید بتایا کہ احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات میں حرم میں آمد و رفت، عمرہ اور نماز کے دوران میں نمازیوں کا قریب نہ ہونا شامل ہے۔ حرم کے تمام داخلی راستوں پر جسمانی درجہ حرارت جانچنے کے آلات فراہم کر دیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی تربیت یافتہ عملہ بھی پوری طرح چوکس ہے تا کہ مسجد حرام کا رخ کرنے والوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ المحیمید کے مطابق جنرل پریذیڈنسی نے معتمرین کے جتھوں کے بیچ سماجی فاصلہ یقینی بنانے پر کام کیا ہے۔ ہر گروپ کے اندر آنے اور باہر جانے کے واسطے حرم کی دروازے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کا مقصد کسی بھی قسم کی بھیڑ سے بچنا ہے۔

Recommended