نئی دہلی 27 جولائی 2021: کھانسی زبان کو آئین کے آٹھویں شیڈیول میں شامل کرنے کی مانگ وقتا ًفوقتا ً ہوتی رہی ہے۔ مرکزی حکومت کو اس سلسلے میں ایک پروپوزل موصول ہوا تھا۔ بولیوں اور زبانوں میں سماجی وثقافتی ، اقتصادی اور سیاسی تبدیلیوں کے زیر اثر ان میں تبدیلیوں کا آنا ایک متنوع عمل ہے۔ لہذا زبان کے لئے کوئی خصوصیت طے کرنا، اسے بولی سے الگ کرنا یا انھیں آئین کے آٹھویں شیڈیول میں شامل کرنا ایک دشوار کام ہوتا ہے۔ پہوا(1996) اور سیتا کانت مہاپترا (2003) کمیٹیوں کے ذریعہ اس سے پہلے اس طرح کی اہلیت طے کرنا مکمل نہیں ہوسکا۔ حکومتِ ہند دیگر زبانوں کو آٹھویں شیڈیول میں شامل کرنے کے سلسلے میں جذبات اور اس کی ضرورت کو سمجھتی ہے۔ اس طرح کی درخواستوں پر ان سے جڑے جذبات اور دیگر حقائق کو دھیان میں رکھتے ہوئے غوروخوض کرنا ہوتا ہے۔
وزارت داخلہ میں وزیر مملکت جناب نتیا نند رائے نے آج لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں یہ اطلاع دی۔