Urdu News

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرا ٹی۔ 20 میچ میں شکست سے دو چار کیا

پاکستان اور ویسٹ انڈیز

نکولس پورن کی طوفانی اننگ رائیگاں گئی

کپتان بابر اعظم کی نصف سنچری اور محمد حفیظ کی بے حد کفایتی گیندبازی کی بدولت پاکستان نے  دوسرے ٹی۔20 میچ میں ویسٹ انڈیز کو 7 رنوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ پاکستان نے چار میچوں کی ٹی۔20 سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیاتھا۔

پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بابر اعظم (51) اور محمد رضوان (46) کی اننگ کی بنیاد پر 20 اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157 رن بنائے۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 4 وکٹوں کے نقصان پر 150 رن ہی بنا سکی۔

پاکستان کے ذریعہ دیئے گئے 158 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی شروعات انتہائی خراب رہی اور فلیچر بغیر کھاتہ کھولے محمد حفیظ کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد ایون لیوس (35) اور کرس گیل (16) نے دوسری وکٹ کے لیے 31 رن جوڑے، لیکن دونوں بلے باز اپنے انداز کے بالکل برعکس کھیلتے نظر آئے۔ وکٹ کیپر بلے باز نکولس پورن نے ٹیم کو جیت دلانے کی بھرپور کوشش کرتے ہوئے محض 33 گیندوں پر 62 رن کی طوفانی اننگز کھیلی، لیکن وہ ٹیم کو جیت  نہیں دلا سکے۔ پاکستان کی جانب سے حفیظ نے اپنے 4 اوور میں صرف 6 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ان کے علاوہ شاہین آفریدی، حسن علی اور محمد وسیم جونیئر نے بھی ایک۔ایک وکٹیں حاصل کیں۔

ٹاس ہارنیکے بعد پہلے بلے بازی کرنے میدان میں اتری پاکستانی ٹیم کے بعد دونوں اوپنرس شرجیل خان (20) اور محمد رضوان (46) نے پاکستان ٹیم کو اچھی شروعات دی اور پہلی وکٹ کے لیے 46 رن جوڑے۔ اس کے بعد کپتان بابر اعظم نے رضوان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 67 رن جوڑے اور ٹیم کا اسکور 100 سے آگے لے گئے۔ رضوان بدقسمت رہے اور رن آؤٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ بابر نے 40 گیندوں پر 51 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ جیسن ہولڈر نے پاکستانی کپتان کی اننگ کا خاتمہ کیا۔آخری اوور میں پاکستان کی ٹیم نے وقفے وقفے سے وکٹیں گنوائیں اور 8 وکٹوں کے نقصان پر 157 رن بنا سکی۔ کیریبین ٹیم کی جانب سے جیسن ہولڈر نے چار جبکہ براوو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

Recommended