Urdu News

صدی سے بھی اوپر کا انتظار ختم، نیرج چوپڑا نے ایتھلیٹکس میں ہندوستان کو پہلا اولمپک میڈل دلایا

نیرج چوپڑا

اولمپکس کھیلوں  کے ایتھلیٹکس ایونٹ میں ہندوستان میڈل جیتنے کا طویل انتظار ختم ہو گیااوروہ بھی سنہری کامیابی کے ساتھ ہندوستانی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ جیولن تھرومیں نیرج چوپڑا نے ہندوستان کو گولڈ میڈل دلایا۔ انہوں نے فائنل میں 87.58 میٹر کے بہترین تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔ نیرج نے پہلی کوشش میں 87.03 میٹر اور دوسری کوشش میں 87.58 میٹربھالا پھینکا۔ انہوں نے تیسری کوشش میں 76.79 میٹر، چوتھی اور پانچویں کوشش میں فاول اور چھٹی کوشش میں 80 میٹر سے زیادہ تھرو کیا۔

اولمپک کی121سالہ تاریخ میں یہ ہندوستان کا ایتھلیٹک ایونٹ میں پہلا میڈل ہے۔ اس کے ساتھ ہی نیرج چوپڑا نے آنجہانی ملکھا سنگھ کے اس دیرینہ خواب کو بھی شرمندہ تعبیر کردیا۔ ملکھا سنگھ ہمیشہ سے ہی چاہتے تھے کہ کوئی ہندوستانی ٹریک اینڈ فیلڈ ایونٹ میں ہندوستان کے لئے یہ کارنامہ انجام دے۔

جیولن تھروکے اس مقابلے میں چیک کے جاکب ویدلیچ 86.67 میٹر کے تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تو  وہیں چیک کے ویتیسلاو ویسلی 85.44 میٹر کے تھرو کے ساتھ تیسرے نمبر پر آئے۔ نیرج نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 86.65 میٹر بھالاپھینکا تھا اور اپنے گروپ میں پہلے نمبر پر رہے تھے۔

یہ بھارت کا اب تک کا سب سے کامیاب اولمپک بن گیا ہے۔ ہندوستان نے مجموعی طور پر 7 تمغے جیتے جن میں 1 گولڈ، 2 سلور اور 4 برانز میڈل شامل ہیں۔ 2012 لندن اولمپکس میں 6 تمغے جیتے تھے۔

اولمپک کھیلوں میں 13 سال کے بعد ہندوستان کو ایک طلائی کاتمغہ حاصل ہواہے۔ اس سے قبل 2008 میں بیجنگ اولمپک شوٹر ابھینو بندرا نے طلائی کاتمغہ جیتا تھا۔ بندرا نے 10 میٹر ایئر رائفل ایونٹ میں طلائی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

ٹریک اینڈ فیلڈ ایونٹس یعنی ایتھلیٹکس کسی بھی اولمپک گیمس میں  توجہ کا اہم مرکز ہوتے  ہیں، لیکن نیرج سے پہلے کوئی بھی ہندوستانی ان ایونٹس میں میڈل نہیں جیت سکا۔ برٹش انڈیا کے لیے کھیلنے والے نارمن پرٹچارڈ نے 1900 کے اولمپکس میں ایتھلیٹکس میں دو تمغے جیتے تھے، لیکن وہ ہندوستانی نہیں بلکہ انگریز تھے۔

ان کی اس جیت پر وزیر اعظم مود ی نے ٹویٹ کیا ”ٹوکیو میں تاریخ رقم کر دی گئی۔نیرج چوپڑا نے آج جو کارنامہ انجام دیا، اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ نوجوان نیرج چوپڑا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے بہترین جذبے کے ساتھ کھیلا اور بے مثال حوصلہ دکھایا۔ انہیں گولڈ جیتنے پر مبارکباد“۔

Recommended