مکہ مکرمہ،09اگست(انڈیا نیرٹیو)
الحرمین الشریفین کے انتظامی امور کی ذمہ دار صدارت عامہ نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ دوخواتین کا اعلیٰ مناصب پرتقرر کیا ہے۔صدارت عامہ برائے الحرمین الشریفین کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے اتوار کے روز ڈاکٹرالعنود العبود اور ڈاکٹر فاطمہ الرشود کو ادارے میں صدرعام کا معاون (اسسٹنٹس) مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے ان کے علاوہ بعض اور خواتین کا بھی ادارے میں اعلیٰ عہدوں پر تقرر کیا ہے۔مذکورہ دونوں خواتین کا عہدہ اسسٹنٹ برائے صدرِعام ہوگا اور دوسری خواتین صدارت عامہ برائے الحرمین الشریفین میں مختلف شعبوں میں اسسٹنٹ ایجنٹس کے طور پر فرائض انجام دیں گی۔
آج المسجدالحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے انتظامی امور کے ذمے دار اس ادارے کی تنظیمِ نو کا بھی اعلان کیا گیا ہے اور بعض نئے عہدے تخلیق کیے گئے ہیں۔ان میں صدرعام کے چار معاونین کے عہدے، پریذیڈینسی میں متعدد نئے مشیر اور متعدد اسسٹنٹ ایجنٹس کے مناصب شامل ہیں۔ڈاکٹرفاطمہ الرشود کو صدر کی اسسٹنٹ برائے امورِخواتین اور مشیربرائے صدرعام مقرر کیا گیا ہے۔ڈاکٹر العبود کو صدرعام کی اسسٹنٹ برائے خواتین ترقی امور مقرر کیا گیا ہے۔صدارتِ عامہ نے اپنی 320 سعودی ملازمات کو تربیت دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔انھیں ادارے کے اعلان کردہ ’حیّاک‘پروگرام کے تحت تربیت دی جائے گا۔اس کا مقصد الحرمین الشریفین میں خواتین کے استقبال کا معیار بہتر بنانا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال اگست میں صدارت عامہ برائے الحرمین الشریفین میں 10 خواتین کا اعلیٰ مناصب پر تقرر کیا گیا تھا۔ادارے نے کہا تھا کہ الشیخ السدیس کی ہدایت پر ان خواتین کا تقرر کیا گیا ہے۔اس کا مقصد ادارے کے کام کے معیار کو بہتربنانا ہے۔ان خواتین کا صدارت عامہ برائے الحرمین الشریفین میں مختلف شعبوں میں فرائض کی انجام دہی کے لیے مناصب سونپے گئے تھے۔ان میں مشاورتی، ترقیاتی، انتظامی، لسانی، فنی، انجنیئرنگ،نگرانی یا خدمات کے شعبے شامل تھے۔