Urdu News

دور درشن نے سفرنامہ پر مبنی پروگرام ’’رگ رگ میں گنگا‘‘ کا دوسرا سیزن شروع کیا

رگ رگ میں گنگا کے پہلے سیزن کو 1.75 کروڑ لوگوں نے دیکھا تھا

 مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات جناب انوراگ ٹھاکر نے آج جل شکتی کے مرکزی وزیر جناب گجندر سنگھ شیخاوت اور جل شکتی اور خوراک کی ڈبہ بندی کی صنعتوں کے مرکزی وزیر مملکت جناب پرہلاد سنگھ پٹیل کے ساتھ کامیاب سفرنامہ ’رگ رگ میں گنگا‘ کے دوسرے سیزن کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر بولتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اس کے دوسرے سیزن کا افتتاح اپنے آپ میں ہی پہلے سیزن کی کامیابی کا پیمانہ ہے، جسے 1.75 کروڑ ناظرین نے دیکھا تھا۔ وزیر موصوف نے پروگرام کے پیچھے کی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ دوسرے سیزن سے توقعات زیادہ ہیں اور یہ صرف ایک پروگرام ہی نہیں ہے بلکہ ’جن بھاگیداری‘ سے ’جن آندولن‘ تک کی ایک کوشش ہے۔

لوگوں کو گنگا کی صفائی میں تعاون کرنے کی دعوت دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ گنگا کے ساتھ تمام ہندوستانیوں کا ایک جذباتی تعلق ہے، اور ہندوستانیوں کے ساتھ اس کا جہاں ایک طرف روحانی رشتہ ہے وہیں دوسری طرف اس کی بہت زیادہ اقتصادی اہمیت بھی ہے۔ وزیر موصوف نے اس موقع پر گلوبل وارمنگ کے اثرات کا ذکر کیا اور اپیل کی کہ بچوں کو آج ماحولیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کے لیے کی جا رہی کوششوں میں شرکت کرنی چاہیے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ اگلے تین سے چار سالوں میں دور درشن سب سے زیادہ دیکھا جانے والا چینل بن جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ  یہ چینل ناظرین کو دور درشن کی طرف لانے کے لیے صحیح مواد تیار کرے گا۔

جناب ٹھاکر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس‘ کی اپیل کو دہرایا اور لوگوں کو دعوت دی کہ وہ’امرت مہوتسو‘ سے لیکر آزادی کی صد سالہ تقریب تک کے لیے حکومت کے مختلف پروگراموں کے تحت کی جانے والی کوششوں میں شریک ہوں۔

رگ رگ میں گنگا کے سیزن 2 میں اس عظیم ندی کی ثقافتی، اساطیری، تاریخی اور سماجی و اقتصادی تفصیلات کا احاطہ کیا جائے گا، جب کہ مرکزی تھیم ’نرملتا‘ اور ’اویرلتا‘ رہے گی۔ اس میں گنگا کو بچانے کے لیے این ایم سی جی کی طرف سے کیے جا رہے کاموں کا بھی ذکر کیا جائے گا، جس کے تعاون سے ’رگ رگ میں گنگا‘ کا یہ دوسرا سیزن دور درشن پر پیش کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد گنگا ندی کی عظمت اور اس کے تحفظ کی ضرورت کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کرانی ہے۔ اس پروگرام میں کل 26 ایپی سوڈ ہیں، جس کی اینکرنگ مشہور و معروف اداکار، راجیو کھنڈیلوال کر رہے ہیں۔ اس پروگرام کو دور درشن پر 21 اگست 2021 سے ہر سنیچر اور اتوار کو رات میں 8 بج کر 30 منٹ پر نشر کیا جائے گا۔

سامعین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب گجندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ حکومت تین سال کی مختصر مدت کے دوران گنگا کو اتنی بڑی دنیا کی سب سے صاف دس ندیوں میں شامل کرانے میں کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے ذریعے شروع کیے گئے تمام پروگرام تکمیل کی مدت سے پہلے ہی مکمل ہو گئے ہیں، جو کہ وزیر اعظم مودی کے 4 منتر کی بدولت ہے – سیاسی قوت ارادی، عوامی اخراجات، متعلقین کے ساتھ شراکت داری اور عوامی حصہ داری۔

اس موقع پر سامعین سے خطاب کرتے ہوئے جناب پرہلاد سنگھ پٹیل نے کہا کہ رگ رگ میں گنگا کا دوسرا سیزن ’ارتھ-گنگا‘ کو وقف ہوگا، وہ ندی جس نے ہماری تہذیب کو وسعت دینے کی بنیاد ڈالی۔ انہوں نے لوگوں کویہ عہد لینے کی دعوت دی کہ وہ اس امرت مہوتسو کے دوران گنگا کے تئیں ماضی میں کی گئی غلطیوں کو دہرائیں گے نہیں۔

Recommended