نئی دہلی 16 اگست2021:
اقلیتی امور کے وزیر جناب مختار عباس نقوی نے کہا کہ بھارت کی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ’’ امرت مہوتسو‘‘ کے حصہ کے طور پر ملک بھر میں منعقد ہونے والے 75 ’’ہنرہاٹ ‘‘ کے ذریعہ 7 لاکھ 50 ہزار دستکاروں، کاریگاروں کو روزگاراور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے نشانہ طے کیا گیا ہے۔
جناب نقوی نے کہا کہ اقلیتی امور کی مرکزی وزارت کے’’وقف ترقیاتی اسکیم اور ’’ پردھان منتری جن وکاس کاریاکرم (پی ایم جے وی کے) کے تحت ملک بھر میں خالی پڑی وقف اراضی پر 75 ’’ امرت مہوتسو پارکس ‘‘ بھی تعمیر کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے سبھی حصوں میں ’’ ووکل فار لوکل ‘‘ کے عزم کے ساتھ 75 ’’ ہنر ہاٹ‘‘ منعقد کئے جائیں گے جہاں ملک کے ہر خطہ کے دستکار ، کاریگر اپنی ہاتھ سے بنی دیسی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کریں گے۔ ’’ ہنر ہاٹ‘‘ میں روایتی کھانوں کے ماہرین کا ایک سیکشن ’’ باورچی خانہ ‘‘ بھی ہوگا جہاں لوگ ملک کے مختلف علاقوں کے کھانوں کے روایتی طریقوں اور کھانوں کا لطف اٹھا سکیں گے۔ ’’ ہنر ہاٹ‘‘ میں ہر شام ملک کے معروف فنکاروں کے ذریعہ مختلف ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے۔
وزیرموصوف نے کہا کہ ’’امرت مہوتسو کے تحت‘‘، ’’ میرا وطن ،میرا چمن‘‘ ، مشاعرہ اور کوی سمیلن بھی 2023 تک پورے ملک میں منعقد کئے جائیں گے۔ جہاں معروف اور ابھرتے ہوئے شعرا ’’ ایک بھارت – شیرسٹھ بھارت‘‘ کا موثر اور حب الوطنی کا پیغام دیں گے۔
جناب نقوی نے کہا کہ پورے ملک میں 75 ’’ امرت مہوتسو پارکس‘‘ کی تعمیر کے لئے ملک کے مختلف وقف بورڈوں کے ذریعہ زمین دی جارہی ہے۔ یہ ’’امرت مہوتسو پارکس‘‘ آزادی کی جدوجہد میں مخصوص خطہ کے ذریعہ اد اکئے گئے رول کی تاریخ کو فنکارانہ انداز میں عکاسی کریں گے۔ ان پارکوں میں یوگا، ورزش، واک ، بچوں کے لئے کھیلنے کی جگہ ، گرین ایریا اور کامن سروس سنٹر کی سہولیات بھی ہوں گی۔