Urdu News

این ڈی اے کے امتحان میں اب خواتین بھی حصہ لے سکیں گی ، سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ

این ڈی اے کے امتحان میں اب خواتین بھی حصہ لے سکیں گی

نئی دہلی : سپریم کورٹ نے کہا کہ خواتین نیشنل ڈیفنیس اکیڈمی کے داخلہ امتحان میں شامل ہوسکتی ہیں ۔ سپریم کورٹ میں جسٹس سنجے کشن کول اور رشی کیش رائے کی بینچ نے بدھ کو کش کالرا کے ذریعہ دائر عرضی پر این ڈی اے ایگزام کو لے کر عبوری حکم دیا ۔ عرضی می خواتین امیدواروں کو این ڈی اے ایگزام میں بیٹھنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ خواتین کو امتحان میں نہ بیٹھنے دینا آئین ہند کے آرٹیکل 14 ، 15 ، 16 اور 19 کی خلاف ورزی ہے ۔

عرضی میں کہا گیا ہے کہ افسران بارہویں امتحان پاس غیر شادی شدہ مرد امیدواروں کو نیشنل ڈیفینس اکیڈمی اینڈ نیوی اکیڈمی کے امتحان میں شرکت کی اجازت دیتے ہیں ، لیکن اہل اور خواہش مند خواتین امیدواروں کو امتحان دینے کی اجازت جنس کی بنیاد پر نہیں دیتے ہیں ۔ اس میں آئین کے تحت کوئی مناسب وجہ نہیں بتائی جاتی ہے ۔

عدالت میں عرضی گزار کا موقف سینئر ایڈووکیٹ چنمئے پردیپ شرما نے ایڈووکیٹ موہت پال ، سنینا اور عرفان حسیب کے ساتھ پیش کیا ۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ اہل اور خواہش مند خاتون امیدواروں کو ان کی جنس کی بنیاد پر نیشنل ڈیفینس اکیڈمی میں داخلہ کے مواقع سے محروم کیا جارہا ہے ۔

عرضی میں کہا گیا ہے کہ 10+2 سطح کی تعلیم حاصل کرنے والی خاتون امیدواروں کو ان کی جنس کی بنیاد پر نیشنل ڈیفینس اکیڈمی میں امتحان دینے کے موقع سے محروم کردیا جاتا ہے ، جس کے نتیجہ میں خاتون امیدواروں کیلئے داخلہ پانے کا کوئی طریقہ نہیں ہے جب کہ مساوی تعلیم حاصل کرنے والے مرد امیدواروں کو امتحان دینے کا موقع ملتا ہے ۔ اہل پائے جانے کے بعد وہ این ڈی اے میں شامل ہوجاتے ہیں ۔

Recommended