نئی دہلی، 20 اگست (انڈیا نیرٹیو)
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو گجرات کے سومناتھ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 80 کروڑ روپے سے زائد کے چار منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج مجھے سمدر درشن پتھ، سومناتھ نمائش گیلری کے افتتاح کا اعزاز حاصلہوا۔ اس کے ساتھ آج پاروتی ماتا مندر کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج میں مر د آہن سردار پٹیل کے قدموں پر بھی جھکتا ہوں، جنہوں نے ہندوستان کی قدیم شان کو زندہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ سردار صاحب سومناتھ مندر کو آزاد ہندوستان کی آزاد روح سے وابستہ سمجھتے تھے۔
اہلیہ بائی ہولکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ لوک ماتا اہلیہ بائی ہولکر نے وشوناتھ سے سومناتھ تک کئی مندروں کی تزئین و آرائش کی۔ قدیم اور جدیدیت کا سنگم جو ان کی زندگی میں تھا، آج ملک اسے اپنا آئیڈیل سمجھتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے سومناتھ ٹرسٹ کی ترقی کو ایک نئی سمت دی ہے۔ سومناتھ کی قدیم شان بحال کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ سومناتھ مندر تباہی پر تخلیق کی علامت ہے۔