مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے(Uddhav Thackery) کے خلاف متنازعہ تبصرہ کو لے کر مرکزی وزیر نارائن رانے(Narayan Rane) کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ نارائن رانے نے رتنا گری کورٹ میں پیشگی ضمانت کی عرضی داخل کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ وہیں بامبے ہائی کورٹ نے بھی ان کی ضمانت عرضی پر فوری سماعت سے انکار کردیا۔ ایسے میں ناسک پولیس کی خصوصی ٹیم نے رتنا گری جاکر انہیں حراست میں لے لیا۔
اس سے قبل شیو سینا لیڈروں اور کارکنان نے نارائن رانے کے خلاف ناسک، پنے اور مہاڑ میں تین ایف آئی آر درج کرائی تھیں۔ اس بیان کے بعد شیو سینا اور بی جے پی کے درمیان بھی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ وہیں چپلون واقع نارائن رانے کی رہائش گاہ کے باہر دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔ اس دوران دونوں طرف سے خوب پتھراو ہوئے، جس کے بعد پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔
ناسک پولیس کمشنر دیپک پانڈ نے ڈپٹی کمشنر برکنڈ کو نارائن رانے کو گرفتار کرنے اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کے لیے ایک ٹیم بنانے کو کہا تھا۔ حکم میں پانڈے نے کہا، ’معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے، میں نے ڈی سی پی سطح کے افسر سنجے برکنڈ کو ایک ٹیم تشکیل دینے اور گرفتار کرنے کے بعد رانے کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کے لیے کہا ہے۔
ناسک میں سائبر پولیس نے شیو سینا کے مقامی یونٹ کی شکایت پر نارائن رانے کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ500, 505(2), 153(b)(1) کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔ اس کے بعد پولیس کمشنر نے مرکزی وزیر کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے تھے اور اس کے لئے ٹیم تشکیل دی تھی۔ پنے یوا سینا کی شکایت کے بعد آئی پی سی کی دفعہ 153 اور 505 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ مہاڑ میں بھی شیو سینا کارکنان کی شکایت پر ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔
کیا تھا معاملہ
گزشتہ پیر کو جن آشیرواد یاترا کے دوران رائے گڑھ پہنچے نارائن رانے نے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو تھپڑ مارنے کی بات کہی تھی۔ انہوں نے کہا تھا، ’یہ شرمناک ہے کہ وزیر اعلیٰ کو آزادی کا سال نہیں معلوم۔ وہ اپنے خطاب کے دوران آزادی کے سالوں کی گنتی پوچھنے کے لئے پیچھے جھک گئے۔ اگر میں وہاں ہوتا، تو انہیں تھپڑا مارتا‘۔ بی جے لیڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ ادھو ٹھاکرے اپنے خطاب کے دوران آزادی کا سال بھول گئے تھے۔
شیو سینا کے مشتعل کارکنان نے کیا پتھروا
وہیں دوسری جانب، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو ’تھپڑ مارنے‘ کی بات کہنے والے مرکزی وزیر نارائن رانے کے خلاف مہاراشٹر میں مخالفت تیز ہوگئی ہے۔ برسراقتدار اتحاد مہاوکاس اگھاڑی میں شامل شیو سینا نے نارائن رانے کے گھر پر پتھراو کردیا۔ کشیدگی کے بعد بی جے پی اور شیو سینا آمنے سامنے آگئی ہیں۔ خبر ہے کہ اورنگ آباد میں مرکزی وزیر کی مخالفت میں شیو سینا کے اراکین نے چپل مارو آندولن کیا۔ حالانکہ، نارائن رانے نے کہا ہے کہ انہوں نے کوئی بھی جرم نہیں کیا۔ ان کے خلاف ناسک، پنے اور مہاڑ میں تین ایف آئی آر درج ہوئی ہیں۔ شیو سینا حامیوں کا نارائن رانے کے گھر کے باہر احتجاج جاری ہے۔ منگل کو پارٹی کے کئی کارکنان نارائن رانے کی رہائش گاہ کے سامنے جھنڈا لہراتے ہوئے گاڑیوں سے نکلے۔ اس دوران مرکزی وزیر کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔ کارکنان نے انہیں بغیر سیکورٹی کے باہر نکلنے کا چیلنج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نارائن رانے نے جو ہمارے وزیر اعلیٰ کو لے کر غلط الفاظ کا استعمال کیا ہے، ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں اور اسے چیلنج دیتے ہیں کہ وہ بغیر سیکورٹی کے یہاں گھوم کر دکھائیں۔