ریاض،02ستمبر (انڈیا نیرٹیو)
سعودی مسلح افواج کے ماتحت لیڈیز ٹریننگ سینٹر سے کیڈٹس کی تربیت مکمل ہو گئی ہے۔ تقریب تقسیم اسناد میں آرمی چیف جنرل فیاض الرویلی مہمان خصوصی تھے۔العربیہ کے مطابق آرمی ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن ادارے کے سربراہ میجر جنرل عادل البلوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ سینٹر کا مقصد وزارت دفاع میں تعینات کی جانے والی خواتین کو منفرد تربیت، پیشہ ورانہ لیاقت اور استعداد بڑھانا ہے۔سعودی میجر جنرل عادل البلوی نے کہا کہ سینٹر کا اہم پیغام عالمی معیار کے مطابق مثالی تعلیم کا ماحول اور منفرد ٹریننگ پروگراموں کی فراہمی ہے۔
ٹریننگ سینٹر کے کمانڈنٹ چیف سارجنٹس سلیمان المالکی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ معاون کمانڈنٹ ھادی العنزی نے خواتین کیڈٹس کو حلف وفاداری دلایا۔ امتیازی نمبروں سے پاس ہونے اور انعامات کی مستحق کیڈٹس کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ آرمی چیف نے سینٹر میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے، انہوں نے سینٹر کی منفرد کارکردگی کو سراہا۔ تقریب میں جوائنٹ آرمی کے ڈائریکٹر میجر جنرل حامد العمری کے علاوہ مسلح افواج کے متعدد افسران بھی شریک ہوئے۔