Urdu News

پاکستان کا گمراہ کن بیان، کشمیر پر جاری کیا ڈوزیئر، ہندوستانی اہلکاروں پر لگایا انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام

پاکستان کا گمراہ کن بیان، کشمیر پر جاری کیا ڈوزیئر

اسلام آباد : پاکستان نے اتوار کو ایک ڈوزیئر جاری کیا ، جس میں کشمیر میں ہندوستانی اہلکاروں کے ذریعہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کئے جانے کا الزام لگایا گیا ہے ۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری کے ساتھ اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں 131 صفحات کا دستاویز جاری کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہمیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور اس ( ہندوستان) سرکار کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنا چاہئے جو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعوی کرتا ہے ۔ قریشی نے کہا کہ ڈوزیئر کو اقوام متحدہ اور بین الاقوامی کمیونٹی کے ساتھ شیئر کیا جائے گا ۔

بتادیں کہ ہندوستان بار بار پاکستان سے کہتا رہا ہے کہ جموں و کشمیر ملک کا اٹوٹ حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا ۔ اس نے پاکستان کو حقیقت تسلیم کرنے کی اور ہندوستان مخالف غلط تشہیر کو روکنے کی بھی نصیحت کی تھی ۔ ہندوستان نے پاکستان سے پہلے یہ بھی کہا تھا کہ جموں و کشمیر سے متعلق موضوع اس کے داخلی معاملات ہیں اور ملک اپنی پریشانیوں کا حل نکالنے میں اہل ہے ۔

قریشی نے کہا کہ ڈوزیئر 113 حوالہ شدہ واقعات پر مبنی ہے ، جن میں 26 بین الاقوامی میڈیا سے ، 41 ہندوستانی تھنک ٹینک اداروں سے اور صرف 14 پاکستان سے موصول ہوئی ہیں ۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مبینہ جنگی جرائم میں شامل لوگوں اور اداروں کے نام درج کرنے اور ان پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ۔

دستاویز میں کشمیر میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگایا گیا ہے ۔ قریشی نے کہا کہ یہ کیمیائی اسلحہ معاہدہ کی پوری طرح سے خلاف ورزی ہے اور اس معاملہ میں غیر جانبدارانہ بین الاقوامی جانچ کی ضرورت ہے ۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے ذریعہ پانچ اگست 2019 کو جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے کے لیے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کئے جانے کے بعد سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے ۔ ہندوستان کے اس فیصلہ پر پاکستان نے سخت رد عمل ظاہر کیا تھا اور اس کے بعد سفارتی تعلقات کمزور ہوگئے تھے ۔

ہندوستان نے بین الاقوامی برادری سے دو ٹوک کہا ہے کہ آرٹیکل 370 کو ختم کرنا اس کا داخلی معاملہ ہے ۔ ہندوستان نے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد سے دہشت گردی ، دشمنی اور تشدد سے پاک ماحول میں عام پڑوسی کی طرح تعلقات چاہتا ہے ۔ ہندوستان نے کہا کہ دہشت گردی سے پاک ماحول بنانے کی ذمہ داری پاکستان کی ہے ۔

Recommended