Urdu News

کواڈ سربراہ کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت، کیوں خاص ہے کواڈ سربراہ کانفرنس؟

کواڈ سربراہ کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت

نئی دہلی، 14 ستمبر

وزیر اعظم نریندر مودی 24 اور 25 ستمبر کو امریکہ کا دورہ کریں گے جس میں وہ امریکہ ، آسٹریلیا اور جاپان کے لیڈروں کے ساتھ کواڈریلیٹرل سکیورٹی ڈائیلاگ (کواڈ) سربراہ کانفرنس میں شرکت کے ساتھ ہی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

وزارت خارجہ نے آج صبح یہاں یہ اطلاع دیتے ہوئے نے بتایا کہ 24 ستمبر کوواشنگٹن میں آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن ، جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہیدے سوگا اور امریکی صدر جوزف آر۔ بائیڈن کے ساتھ کواڈریلیٹرل فریم ورک کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔کانفرنس میں 12 مارچ کو ورچوئل طریقے سے ہوئی کواڈسربراہ کانفرنس کے بعد پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزارت خارجہ کے مطابق اس میٹنگ میں کووڈ وبا پر قابو پانے کی کوششوں اور کواڈ ویکسینیشن اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ کواڈ لیڈر آزاد ، کھلے اور جامع شمولیاتی ہند-بحرالکاہل خطے کو یقینی بنانے کے لئے اپنے مشترکہ نقطہ نظر پر غور کریں گے۔ اس کے علاوہ اہم اور نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی ، کنکٹی وٹی اور انفراسٹرکچر ، سائبر سیکیورٹی ، میری ٹائم سیکیورٹی ، انسانی امداد ، آفات سے نجات ، آب و ہوا کی تبدیلی اور تعلیم پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزارت خارجہ کے مطابق وزیر اعظم 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس سال کی جنرل اسمبلی میں عام بحث کا موضوع ’’کووڈ وبا سے ابھرنے کی امید کے ساتھ ایک لچیکی مزاحمت کی تیاری، پائیدار تعمیر نو ، زمین کی ضروریات کا خیال رکھنا ، لوگوں کے حقوق کا احترام اور اقوام متحدہ پھر سے بحالی کرنا‘‘ ہے۔

Recommended