چنڈی گڑھ : وزیر اعلیٰ کے عہدہ سے استعفی دینے کے بعد کیپٹن امریندر سنگھ ، نوجوت سنگھ سدھو پر حملہ آور ہوگئے ہیں ۔ امریندر سنگھ نے کہا کہ نوجوت سنگھ سدھو کا پاکستان کے ساتھ گہرا تعلق ہے ۔ امریندر سنگھ نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور جنرل باجوہ سے نوجوت سنگھ سدھو کی دوستی ہے اور اگر ایسے میں انہیں وزیر اعلی بنایا جاتا ہے تو وہ پنجاب کا بیڑا غرق کردیں گے ۔ کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ نوجوت سنگھ سدھو کچھ نہیں سنبھال سکتا ، میں اس کو اچھی طرح سے جانتا ہوں، وہ پنجاب کیلئے بھیانک ہونے والا ہے ۔
امریندر سنگھ نے پنجاب ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ ایک وزارت تو چلا نہیں سکے ، ریاست کیا چلائیں گے ۔ سب برباد کردیں گے ۔ ان کی قوت نہیں ہے ۔ اتنا ہی نہیں کیپٹن نے اپنے حامیوں سے کھل کر سدھو کی مخالفت کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس پارٹی کا فیصلہ ہے ، اگر وہ اس ( نوجوت سنگھ سدھو) کو پنجاب وزیر اعلی کا چہرہ بناتی ہے تو میں اس کی مخالفت کروں گا کیونکہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے ۔
پنجاب کے سابق وزیر اعلی کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں آیا ہے جب چنڈی گڑھ میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ ہورہی ہے ۔ خاص بات یہ ہے کہ اس میٹنگ کی میزبانی نوجوت سنگھ سدھو کررہے ہیں ۔ قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ پنجاب کا اگلا وزیر اعلی کون ہوگا ، اس کا فیصلہ سدھو خیمہ ہی طے کرے گا ۔
جس پر بھروسہ اس کو وزیر اعلیٰ بنائیں
امریندر سنگھ نے ہفتہ کو چنڈی گڑھ کے راج بھون میں گورنر بنواری لال پروہت کو استعفی سونپا ۔ استعفی دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران امریندر سنگھ نے کہا کہ میں نے وزیر اعلی کے عہدہ سے استعفی دیدیا ہے ۔ انہیں ( کانگریس صدر) جس پر بھروسہ ہے ، اس کو وزیر اعلی بنائیں ۔