Urdu News

ہندوستان نے کیوں کیا برطانیہ کوخبردار؟ خارجہ سکریٹری نے کہا کہ اگر برطانیہ نے اپنے موقف میں تبدیلی نہیں کی تو ہندوستان بھی ایکشن لے گا

خارجہ سکریٹری نے ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ کے معاملے پر برطانیہ کوکیا خبردار

خارجہ سکریٹری  نے ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ کے معاملے پر برطانیہ کوکیا خبردار

سکریٹری خارجہ ہرش وردھن شرنگلا نے ان ممالک کو خبردار کیا ہے جو بھارت کے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کو تسلیم نہیں کرتے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت بھی ان ممالک کے خلاف اسی طرح کی کارروائی کر سکتا ہے۔ سکریٹری خارجہ کا رد عمل برطانیہ کے ان لوگوں کے سرٹیفکیٹ کو تسلیم نہ کرنے کے فیصلے کے بعد آیا ہے جنہیں بھارت کی کوویشیلڈ ویکسین لگائی گئی ہے۔

شرنگلا نے کہا کہ کوویشیلڈ ویکسین برطانیہ کی ایسٹرا زینیکا ویکسین کی ایک قسم ہے۔ کوویشیلڈ ویکسین بھارت میں ایسٹرا زینیکا ویکسین کے لائسنس کے تحت تیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ویکسین سرٹیفکیٹ کے تنازعے پر برطانیہ کی نئی وزیر خارجہ لز ٹروس کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس گفتگو میں بھارت کو برطانیہ کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی حکومت نے بھارت سمیت بعض ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کو تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے مسافروں کو برطانیہ پہنچنے پر 10 دن تک لازمی قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔ کانگریس قائدین ششی تھرور اور جے رام رمیش نے برطانیہ کے اس فیصلے کو 'ویکسین نسل پرستی' قرار دیا تھا۔

Recommended